تعلیمی میدان میں انقلابی اقداما ت اٹھائے گئے :عاطف خان

تعلیمی میدان میں انقلابی اقداما ت اٹھائے گئے :عاطف خان

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


پشاور( سٹاف رپورٹر)خیبر پختونخوا کے وزیر تعلیم وبرقیات محمد عاطف خان نے کہاہے کہ موجودہ صوبائی حکومت نے تعلیم کے میدان میں انقلابی اقدامات اٹھائے ہیں جن کے ثمرات آنے والی نسلوں کو ملے گی ۔انہوں نے کہا کہ تعلیم ہر انسان کا بنیادی حق ہے اور موجودہ حکومت میرٹ پر اساتذہ کی بھرتی کے ساتھ ساتھ تمام سکولوں میں بنیادی سہولیات فراہم کررہی ہے تاکہ قوم کا آنے والا کل روشن ہو۔وہ گورنمنٹ گرلز ہائیر سیکنڈری سکول بخشالی میں ایک کروڑآٹھ لاکھ روپے کی لاگت سے تعمیر ہونے والے امتحانی ہال اور آئی ٹی لیب کی افتتاح کے بعد بخشالی دربو کلے میں عوامی اجتماع سے خطاب کررہے تھے ۔اجتماع سے ضلع کونسل کے رکن شیر بھادر،تحصیل کونسلر آیاز صافی اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔اس موقع پر پاکستان پیپلز پارٹی سے تعلق رکھنے والے یونین کونسل کے صدر سبز علی اور دربو کلے کے پورے گاؤں نے تحریک انصاف میں شمولیت کااعلان کر کے پاکستان پیپلز پارٹی سے40سالہ تعلق ختم کر دیا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ کرپٹ اور بے ایمان قیادت کی وجہ سے وہ پاکستان پیپلز پارٹی سے اپنا ناطہ توڑ رہے ہیں کیونکہ عمران خان ہی وہ واحد شخص ہے جو پاکستان کو کامیابیوں سے ہمکنار کر سکتا ہے اور پاکستان تحریک انصاف واحد سیاسی جماعت ہے جن کا حال اور ماضی بے داغ ہے۔محمد عاطف خان نے اپنے خطاب میں کہا کہ حقیقی لیڈر وہی ہے جو عوام کو شعور دیں ان کو صحیح راستہ دکھائیں ان کی رہنمائی کریں اور موجودہ حالات میں عمران خان ایسا شخصیت ہے جو پاکستان کو ترقیافتہ ممالک کی صف میں کھڑا کر سکتا ہے اگر دوسرے ممالک ترقی کرسکتے ہیں تو پاکستان کیوں نہیں جو کہ قدرتی وسائل سے مالامال اور بے پناہ صلاحیتوں والے نوجوانوں کا مسکن ہے۔فرق صاف ظاہر ہے کہ لیڈرز کرپٹ ہیں۔انہوں نے عوام کے پیسوں سے تجوریاں بھریں اور غریب عوام کا پیسہ بے دردی کے ساتھ لوٹ کر دوسرے ممالک بھیجا ہے ۔ترقیاتی کاموں کا ذکر کرتے ہوئے عاطف خان نے کہا کہ اس علاقے میں موجودہ حکومت نے ترقیاتی کاموں کا جال بچھا دہا ہے جن میں 30کروڑ روپے کی لاگت سے تعمیر ہونے والا بی بی عائشہ گرلزڈگری کالج،27کروڑ روپے کی لاگت سے بخشالی تا چار گلی روڈ ،ایک کروڑ روپے سے بننے والا جنازگاہ ، 20ٹرانسفارمرز اور سینکڑوں پولز کی فراہمی کے ساتھ ساتھ کروڑوں روپے گلی کوچوں کی تعمیر مے بھی لگ چکے ہیں۔انہوں نے کہا کہ عوام اب بیدار ہوچکی ہے اور اب وہ دوسری پارٹیوں کے کھوکھلے نعروں پر یقین نہیں رکھتی ۔اس لئے آنے والا دور پاکستان تحریک انصاف کا ہے اور عمران خان کی قیادت میں پاکستان دن دگنی رات دگنی کر کے دنیا کے نقشے پر ایک عظیم سلطنت بن کر سامنے آئے گا۔