بحریہ یونیورسٹی کے اٹھارویں کانووکیشن کا انعقاد

بحریہ یونیورسٹی کے اٹھارویں کانووکیشن کا انعقاد

کراچی(اسٹاف رپورٹر )بحریہ یونیورسٹی اسلام آباد کیمپس کا18واں کانووکیشن جناح کنونشن سینٹر اسلام آباد میں منعقد ہو ا۔پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل ظفر محمود عباسی تقریب کے مہمان خصوصی تھے ۔مہمانِ خصوصی نے پی ایچ ڈی،ماسٹرز اور انڈرگریجویٹ پروگرامز میں کامیابی حاصل کرنے والے طلباء و طالبات کو اسناد تفویض کی۔کانووکیشن کے دوران مینجمنٹ سائنسز، ہیومینیٹیزاینڈسوشل سائنسز، کمپیوٹر سائنسز،قانون ، ارتھ اینڈ انوائرمنٹل سائنسز، الیکٹریکل انجینئرنگ اور سافٹ وئیرا نجینئرنگ ڈیپارٹمنٹ کے 476گریجویٹ اور انڈر گریجویٹ طلباء وطالبات کواسناد دی گئیں۔پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے اپنے اپنے شعبہ جات میں پہلی پوزیشن حاصل کرنے والے طلباء و طالبات میں سونے کے سترہ اور چاندی کے بارہ تمغے تقسیم کئے۔نبیلہ عابد، مریم فیاض، محمد ضرار سعید ، علینہ حیدر، زویا عباس زیدی ، زینب بلقیس، عائشہ محسود، آصف علی، کشمالہ شاہد، میمونہ جنید، شایان حیدر، عاطف اظہر، محمد وقاص، انصار الحق، تلبیہ جمیل، محمد رئیس اور حمزہ اقبال کو ان کے متعلقہ شعبہ جات میں پہلی پوزیشن حاصل کرنے پر سونے کے تمغے دئیے گئے ۔کانووکیشن سے خطاب کرتے ہوئے پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے طلباء وطالبات کی شاندار کامیابی پر انہیں مبارکباد دی اور فارغ التحصیل طلباء وطالبات کو ان کے متعلقہ شعبہ جات میں غیر معمولی تعلیمی مہارتیں جو انہیں کامیاب پیشہ ورانہ زندگی گزارنے میں راہنما ہوں گی کی فراہمی پر بحریہ یونیورسٹی اسلام آباد کیمپس کی تعریف کی۔انہوں نے ملک میں افرادی قوت میں اضافہ کرنے میں بحریہ یونیورسٹی کے کردار کو سراہا۔طلباء و طالبات سے خطاب کرتے ہوئے مہمانِ خصوصی نے کہاآپ اپنی زندگی کے نہایت ہی اہم سفر اور مہم جوئی کا آغاز کرنے جا رہے ہیں ۔آپ کو اپنی محنت کا صلہ مل گیا ہے۔ امتحانات کے زمانے کی پریشانیاں اب قصہ پارینہ ہیں اور عملی زندگی کاآغاز تو ابھی ہوا ہے۔ مجھے یقین ہے کہ بحریہ یونیورسٹی نے آپ کوان چیلنجز سے نمٹنے کے قابل بنادیا ہے۔ نیول چیف نے طلباء و طالبات میں مہارتوں اور ہنر کے فروغ کے سلسلے میںیونیورسٹی انتظامیہ کی کاوشوں کو سراہا جس کی بدولت بحریہ یونیورسٹی درس و تدریس کے لئے ایک پر کشش ادارہ بن چکی ہے۔ انہوں نے فارغ التحصیل طالبات کو نصیحت کی کہ وہ ہمیشہ راست باز اورتخلیقی صلاحیتوں کے حامل بنیں اور اپنے خوابوں کی تعبیر کے لئے کو شاں رہنے کے ساتھ ساتھ معاشرے کی بہتری کے لئے بھی قابل قدر کردار ادا کریں۔قبل ازیں،خطبہ استقبالیہ کے دوران ریکٹر بحریہ یونیورسٹی وائس ایڈمرل (ریٹائرڈ) تنویر فیض نے ایڈمرل ظفر محمود عباسی کی کانووکیشن میں آمد پر ان کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہماری یہ بھر پور کوشش ہے کہ ہم بحریہ یونیورسٹی میں طلباو طالبات کو ادارتی مہارتیں اور عملی تحقیق کے بنیادی اصول سکھانے کے ساتھ ساتھ اُنہیں آپس میں اچھے روابط قا ئم کرنے اور بااحسن اپنے فرائض ادا کرنے کے قابل بنائیں۔ کم آمدنی والے گھرانوں کے بچوں کو معیاری تعلیم سے آراستہ کرنے کے لئے بحریہ یونیورسٹی اسکالر شپ پروگرام میں تعاون کرنے پر ریکٹر بحریہ یونیورسٹی نے ہائر ایجوکیشن کمیشن، حکومتِ پنجاب اور دیگر اداروں کے کردار کو سراہا۔آخر میں ریکٹر بحریہ یونیورسٹی نے طالب علموں اور ان کے والدین کو مبارکباد دی اُنکے کامیاب مستقبل کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ آپ نے مختلف شعبوں میں شاندار کارکردگی کی بنیادپر تمغے حاصل کرنے والے طالب علموں کو سراہا۔

مزید : راولپنڈی صفحہ آخر