مسلم لیگ(ن) یوتھ ونگ کی ہینڈ بلز تقسیم کرنے کی مہم کا آغاز
کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان مسلم لیگ (ن)یوتھ ونگ سندھ کی جانب سے ہفتہ کو میاں محمد نواز شریف کے حق میں مظاہرہ کیا گیا اور شہر میں ہینڈ بلز تقسیم کرنے کی مہم کا آغاز کیاگیا ۔یوتھ ونگ کی جانب سے شہر بھر میں یہ ہینڈ بلز تقسیم کیے جائیں ۔ہینڈ بل میں نواز شریف کے دور حکومت میں ہونے والے ترقیاتی کاموں کی تفصیلات سمیت اہم کامیابیوں کا ذکر کیا گیاہے ۔ اس موقع پر مسلم لیگ (ن) یوتھ سندھ کے صدر بیرسٹر راجہ خلیق الزماں ،شعبہ خواتین کی صدر زاہدہ بھنڈ ،جنرل سیکرٹری فاخرہ تیمور ،صدر یوتھ ونگ کراچی نعیم احمد اعوان ،سیکرٹری اطلاعات سندھ ایاز سومرو ،سینئر نائب صدور شہزاد بھٹی ،سرمد تنیو ،نائب صدر لیاقت علی خان ،کوثر بی بی سمیت مسلم لیگ (ن) کراچی ڈویژن کے جنرل سیکرٹری خواجہ طارق نذیر نے خصوصی شرکت کی ۔ مسلم لیگی رہنماؤں نے کہا کہ نواز شریف اور ان کی ٹیم کا کارنامہ یہ ہے کہ انہوں نے اس ملک سے اندھیروں کو ختم کرکے اجالا پھیلادیا ہے ۔پاکستان کے عوام کو 2013کے مقابلے میں آج 2017میں واضح فرق محسوس ہورہا ہے ۔کراچی سمیت ملک بھر میں امن و امان کی بحالی ،ملکی معیشت کی بہتری ،پاک چین اقتصادی راہداری منصوبہ ،بجلی کے منصوبے ،ہیلتھ کارڈ ،موٹرویز ،کراچی گرین لائن منصوبہ ،کراچی کے لیے 25ارب روپے کا پیکج ،کے 4منصوبے سمیت لاتعداد ترقیاتی منصوبے نواز شریف کا جرم بنادیئے گئے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ کرپشن کا راگ الاپنے والے مخالفین موجودہ دور حکومت سمیت نواز شریف کے تمام ادوار حکومت میں کرپشن کا کوئی میگا اسکینڈل نہ تو سامنے لاسکے ہیں اور نہ ثابت کرسکے ہیں ۔نواز شریف اور ان کے خاندان کے خلاف بننے والے تمام مقدمات ان کے والد کے زمانے میں خریدی گئی جائیداد یا ان کے والد کی جانب سے کی گئی سرمایہ کاری کے نتیجے میں والے رقم سے متعلق ہیں جس کے ثبوت عدالت میں دیئے گئے لیکن اس کے باوجود ناانصافی کے سوار کچھ حاصل نہیں ہوا۔