ریاست مخالف وال چاکنگ کرنیوالوں کیخلاف کارروائی کا فیصلہ

ریاست مخالف وال چاکنگ کرنیوالوں کیخلاف کارروائی کا فیصلہ

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

کراچی(کرائم رپورٹر)کراچی میں ریاست اور فوج مخالف وال چاکنگ کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کا فیصلہ کرلیا گیا ہے۔متحدہ لندن کی حمایت اور ریاست مخالف چاکنگ کے بعد اعلی سطح پر اس کا نوٹس لیا گیا ہے۔ اس حوالے سے عزیز آباد سمیت ضلع وسطی کے تمام علاقوں کی خفیہ طور پر نگرانی شروع کردی گئی ہے۔قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اعلی افسران نے عزیز آباد کے مختلف مقامات پر فوج کے خلاف نعرے و نفرت انگیز الفاظ کی والی چاکنگ کے ضمن میں ایک اہم اجلاس طلب کیا، اجلاس میں اعلی افسران نے برہمی کا اظہار بھی کیا کہ آپریشن جاری ہونے کے باوجود پوش علاقے میں نامعلوم افراد دن دیہاڑے نفرت انگیز وال چاکنگ کرکے فرار ہوگئے اور انکا تاحال کوئی سراغ بھی نہیں لگا سکا۔ذرائع نے بتایا کہ اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا ہے کہ عزیز آباد اور اسکے اطراف میں متحدہ لندن کے فرار عہدیداران اور کارکنان کو گرفتار کرنے کے لئے علاقے کے مکینوں کو اعتماد میں لیتے ہوئے انکی مدد لی جائے جب کہ عزیز آباد کے علاقے میں قائم شمیم اسکول کے قریب گھروں کے سامنے نفرت انگیز وال چاکنگ سے علاقہ مکینوں میں خوف وہراس پایا جاتا ہے کہ دوبارہ سے چھاپوں کا سلسلہ شروع نہ ہوجائے۔عزیز آباد پولیس نے مذکورہ وال چاکنگ کے حوالے سے جو ایف آئی آر درج کی ہے اس میں انسداد دہشتگردی ایکٹ کی دفعہ شامل نہ کرکے ملوث ملزمان کو فائدہ پہنچانے کی کوشش کی ہے اس الزام میں اگر کوئی ملزم گرفتار ہوا تو اس کی آسانی سے ضمانت منظور ہوسکتی ہے۔