دوسری تھل جیپ ریلی کا آغاز، عوام کی تفریح کیلئے رنگا رنگ پروگرامز
ملتان ، کوٹ ادو، چوک مکول، پیر جہانیاں، بھٹہ پور (خصوصی رپورٹر، تحصیل رپورٹر، نامہ نگار، نمائندہ پاکستان) دوسری تھل جیپ ریلی کا آغاز ہوگیا ، پہلے دن سٹاک کیٹگری میں شامل 31گاڑیوں نے ریس میں حصہ لیا ،ریس کے دوران 6گاڑیاں خراب جبکہ 3گاڑیاں ریس ادھوری چھوڑ کر چلی گئی ہیں۔ریس کے پہلے دن عوام صحرائے تھل میں چھانگا مانگا ٹیلہ میں امڈآئی اور ریس کا نظارہ کیا ، گزشتہ روز(بقیہ نمبر10صفحہ12پر )
تھل چھانگا مانگا ٹیلہ سے دوسری تھل جیپ ریلی 2017کا آغاز ہوا۔اعلان کردہ پروگرام کے مطابق ریس کے پہلے دن سٹاک کیٹگری میں شامل گاڑیوں کی ریس ہوئی ، ریس کا فلیگ آف صبح 9بجے ہونا تھا مگر صحرا میں پھیلی دھند کے باعث اس میں آدھا گھنٹہ کی تاخیر ہوگئی اور پہلافلیگ آف ساڑھے 9بجے ہوا ،فلیگ آف ڈی سی او مظفرگڑھ سیف جپہ نے کیا جبکہ اس موقع پرمنیجنگ ڈائریکٹرٹورازم ڈویلپمنٹ کارپوریشن آف پنجاب (ٹی ڈی سی پی) احمر ملک ، جنرل منیجر (ٹی ڈی سی پی ) اسجد غنی اوراے ڈی سی آر عطاء الحق سمیت دیگر افسران موجود تھے۔ مقابلے میں گزشتہ ریلی کے فاتح صاحبزادہ سلطان احمدکے بھائی صاحبزادہ بہادر عزیز، سپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق کے چھوٹے بھائی سردار حسن صادق ، محمد شکیل، بابر خان ، نوشیروان ٹوانہ، منصور حلیم، سجاد قریشی، اسد اللہ مروت، سردار اللہ وسایا سمیت و دیگر ڈرائیورز نے حصہ لیا، علاوہ ازیں سٹاک کیٹگری خواتین کا مقابلہ بھی منعقد ہوا جس میں رونی پٹیل کی بیوی تشنا پٹیل اور مومل خان نے حصہ لیا،دوسری تھل جیپ ریلی کی سٹاک کیٹگری میں شامل گاڑیوں کی ریس کا نظارہ کرنے کے لئے شہری جن میں نوجوان بڑی تعداد میں شامل تھے صبح ہی سے چھانگا مانگا ٹیلہ پر پہنچ گئے۔صحرائے تھل کے مختلف ٹیلوں پر بھی نوجوانوں کی ٹولیاں موجود تھیں جو کہ ریس کے اختتام تک موجود رہیں ، بتایا گیا ہے کہ ریس میں مجموعی طورپر 31گاڑیوں نے حصہ لیا اور سہ پہر4بجے آخری گاڑی ریس مکمل کرکے واپس لوٹیں ،دوسری تھل جیپ ریلی سٹاک کیٹگری میں شامل گاڑیوں کی ریس میں 6گاڑیاں خراب ہوگئیں جبکہ تین گاڑیوں کے بارے بتایا گیا ہے کہ وہ دوران ریس ہی واپس لوٹ گئیں اور انہوں نے ریس مکمل نہیں کی ہے ،دوسری تھل جیپ ریلی کے پہلے روز چوبارہ کے مقام پر بنائے گئے مڈبریک پر ضلعی انتظامیہ کی جانب سے عوام کو تفریح کے لئے میلہ بھی سجایا گیا تھا جس نے ریلی کے حسن کو چارچاند لگادیئے اور عوام نے اس میلہ میں بھی دلچسپی لی۔ دریں اثناء ریلی کے مقابلے کا افتتاح کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر محمد سیف انو رنے کہا کہ تھل جیپ ریلی کا انعقاد پنجاب حکومت کی ہدایت پر کیا گیا جس کا مقصد ملک میں موٹر سپورٹس اور سیاحت کو ترقی دینا ہے ریلی کے کامیاب انعقاد پر پاکستان کا ایک سوفٹ امیچ پوری دنیا میں جائے گاجس سے مظفرگڑھ کا نام بھی روشن ہوگااس موقع پر اے ڈی سی ریونیو عطاالحق، اے ڈی سی جی ظہور احمدبھٹہ، اے سی علی پور عمران شمس، اے سی جتوئی اونگزیب سندھو، منیجنگ ڈائریکٹر ٹورزم احمرملک، جنرل منیجر اسجد غنی، فوکل پرسن فیاض احمد، ریجنل منیجر اشعر اقبال سمیت ضلعی محکموں کے افسران بھی موجود تھے۔