جنوبی پنجاب کے مختلف اضلاع میں3روزہ پولیو مہم کا آغاز

جنوبی پنجاب کے مختلف اضلاع میں3روزہ پولیو مہم کا آغاز

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

خانیوال، وہاڑی ، ماچھیوال، بہاولپور لودھراں ، راجن پور (نمائندگان)جنوبی پنجاب کے مختلف اضلاع میں 3روزہ پولیو مہم کا آغاز کردیا گیا۔ مہم کا افتتاح بچوں کو حفاظتی قطرے بلا کر کیا گیا اس سلسلے میں خانیوال سے نمائندہ پاکستان کے مطابق ضلع خانیوال میں تین روزہ انسداد پولیو مہم کا آغاز ہوگیا ۔ قائم مقام ڈپٹی کمشنر منظور خان چانڈیہ نے ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال میں بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے حفاظتی (بقیہ نمبر13صفحہ12پر )
قطرے پلا کر باقاعدہ مہم کا افتتاح کیا ۔ اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر آغا ظہیر عباس شیرازی بھی موجود تھے ۔ منعقدہ افتتاحی تقریب سے خطا ب کرتے ہوئے منظور خان چانڈیہ نے کہا کہ موذی مرض پولیو کا خاتمہ ہم سب کی ذمہ داری ہے جس کے جڑ سے خاتمہ کے لیے محکمہ صحت سمیت دیگر سرکاری محکموں کے اور تمام طبقوں کے لوگوں کو اس کے خاتمہ کے لیے بھرپور کوشش کریں۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ صحت کی ٹیمیں پانچ سال تک کی عمر کے بچوں کو پولیو ویکسین کے قطرے نہایت ذمہ داری سے پلائیں ۔نمائندہ ڈبلیو ایچ او ڈاکٹر محمدارشد نے کہا کہ پاکستان کو پولیو فری ملک بنانے کے لیے فیلڈ ٹیمیں قومی فریضہ سمجھ کر اپنے فرائض سرانجام دیں ۔ ڈسٹرکٹ کوآرڈینٹرڈاکٹر ابرار اقبال نے بتایا کہ ضلع خانیوال میں اس مہم کے دوران پانچ سال تک کی عمر کے5لاکھ14ہزار 214 بچوں کو قطرے پلائے جائیں گے جس میں محکمہ صحت کی 1214ٹیمیں گھر گھر جا کر ‘ ریلوے اسٹیشنوں ‘ بس اڈوں ‘ شہر کے داخلی و خارجی راستوں پر پولیو ویکسین کے قطرے پلائیں گی ۔ وہاڑی ، ماچھیوال سے بیورو رپورٹ، نامہ نگار کے مطابق ڈپٹی کمشنر علی اکبر بھٹی نے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال میں پانچ سال تک کی عمر کے بچوں کو پولیو ویکسین کے قطرے پلا کر مہم کا افتتاح کیا سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر شعیب الرحمن گرمانی ،ایم ایس ڈاکٹر محمد فاروق، چائلڈ سپیشلسٹ ڈاکٹر محمد حفیظ، عالمی ادارہ صحت کے نمائندے ڈاکٹر احمد فراز نے بھی اس موقع پر بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے ڈپٹی کمشنر علی اکبر بھٹی نے کہا کہ انسداد پولیو مہم ایک قومی فریضہ ہے ہم سب کو مل کر قوم کے نونہالوں کے مستقبل کو محفوظ بنانا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ضلع میں اس مہم کے دوران پانچ لاکھ 29 ہزار بچوں کو پولیو کے قطرے پلانے کا ہدف مقرر ہے اور 1292 ٹیمیں پولیو کے قطرے پلانے کا فریضہ انجام دیں گی۔ بہاولپور سے بیورو رپورٹ کے مطابق رانا محمد سلیم افضل نے بہاول وکٹوریہ ہسپتال میں انسداد پولیو مہم کے سلسلہ میں بچوں کو پولیو سے بچاؤ کی حفاظتی ویکسین کے قطرے پلا کر مہم کا آغاز کیا۔ اس موقع پر پرنسپل قائد اعظم میڈیکل کالج ڈاکٹر جاوید اقبال،سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر فیاض انور اور ڈاکٹر محمد ذاکر ان کے ہمراہ تھے۔ انسداد پولیو مہم 20نومبر سے 24 نومبر تک جاری رہے گی جس کے دوران محکمہ کی ٹیمیں ضلع بھر میں گھر گھر جا کر پانچ سال تک کی عمر کے چھ لاکھ آٹھ ہزار بہتر بچوں کو پولیو سے بچاؤ کی حفاظتی ویکسین کے قطرے پلائیں گی۔ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی کے زیر اہتمام ضلع بہاول پور کی تمام یونین کونسلوں میں محکمہ صحت کی1103موبائل ٹیمیں، 157فکسڈ ٹیمیں اور141 ٹرانزٹ ٹیمیں بچوں کو پولیو کے حفاظتی قطرے پلائیں گی۔ لودھراں سے نمائندہ پاکستان کے مطابق راجہ خرم شہزاد نے کہا ہے کہ پولیو کے خاتمے کیلئے دیگر تمام محکمے ، محکمہ صحت کے ساتھ تعاون کریں۔ انہوں نے مزید کہاکہ پولیو کے خاتمے سے ہی صحت مند پاکستان کا خواب پورا ہو گا۔ انہوں نے یہ بات ڈسٹرکٹ ہیڈ کواٹر ہسپتال میں پانچ سال تک کے کم عمر بچوں کو پولیو کے قطرے پلا کر انسداد پولیو مہم کا آغاز کیا۔ واضح رہے کہ پولیو ٹیمیں 20نومبر سے 22نومبر تک ضلع کے گھر گھر تک پہنچیں گی۔ افتتاح کے موقع پر سی ای او ہیلتھ ڈاکٹرطارق گیلانی اور ایم ایس ڈاکٹر وسیم اقبال او ر دیگر نے بچوں کو پولیو ویکسین کے قطرے پلائے۔ راجن پور سے ڈسٹرکٹ رپورٹر، نامہ نگار کے مطابق 20نومبر سے شروع ہونے والی تین روزہ پولیو مہم کے دوران محکمہ صحت کی ٹیمیں گھر گھر جا کر 3لاکھ 94ہزار 9سو 39،پانچ سال تک کی عمر کے بچوں کو ویکسین پلائیں گی ۔کوئی بچہ قطرے پینے سے رہ نہ جائے۔مہم کے دوران کسی قسم کی سستی و کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ان خیالات کا اظہار ڈپٹی کمشنر راجن پور اشفاق احمد چوہدری نے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال راجن پور میں پانچ سال تک کی عمر کے بچوں کو قطرے پلا کر مہم کا افتتاح کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر سی ای او صحت ڈاکٹر صدیق احمد،ڈاکٹر عدیل خالد،ڈاکٹر ہاشم علی اور دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔