کھل میں کیمیکل ڈالنے،گدھے کا گوشت فروخت کرنے والے 9 افراد کی گرفتاری کا حکم

کھل میں کیمیکل ڈالنے،گدھے کا گوشت فروخت کرنے والے 9 افراد کی گرفتاری کا حکم
کھل میں کیمیکل ڈالنے،گدھے کا گوشت فروخت کرنے والے 9 افراد کی گرفتاری کا حکم

  

لاہور (ویب ڈیسک) محکمہ داخلہ پنجاب نے مویشیوں کے لئے کھل بنولہ میں کیمیکل ڈالنے اورگدھے کا گوشت فروخت کرنے والے 9 افراد کو 3ایم پی او کے تحت حراست میں لینے کے احکامات جاری کر دیئے ہیں جن پر عمل درآمد بھی کردیا گیا۔

روزنامہ جنگ کے مطابق ڈپٹی کمشنر لاہور، قصور، فیصل آباد اور وہاڑی کو دیئے گئے احکامات کے مطابق ان لوگوں کی فوری گرفتاری کے لئے سخت ہدایات جاری کی گئی ہیں اور انہیں حراست میں لے کر رپورٹ کرنے کے احکامات جاری کئے گئے ہیں۔ ان جرائم میں ملوث افراد میں ضلع قصور سے محمد عمران ولد عبدالعزیز، ملک محمد رفیق ولد قمر دین، شکیل احمد ولد محمد سلیم اور عثمان ایوب شامل ہیں۔

ڈپٹی کمشنر فیصل آباد کو بلال امین ولد محمد اصغر، محمد نواز ولد فرزند علی، یعقوب ولد غلام محی الدین کو حراست میں لینے کا حکم دیا گیا ہے جبکہ لاہور سے تیمور رضا ولد تاج دین اور وہاڑی سے محمد اقبال ولد نور محمد کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔ یہ تمام افراد گوشت کے ٹھیکیدار ہیں جنہوں نے گدھے کا گوشت بیچا اور کھل بنولہ میں کیمیکل ڈالے جس سے مویشیوں کا دودھ اور گوشت زہریلا ہوا۔ ان افراد پر پہلے بھی کیس رجسٹر ہوئے لیکن یہ قانون کو چکمہ دے کر جیل جانے سے بچ جاتے رہے۔

مزید : لاہور