لیگی رہنماء رانا محمد افضل نے اسلام آباد دھرنے کو حکومت کے خلاف ایک اور سازش قرار دیدیا

لیگی رہنماء رانا محمد افضل نے اسلام آباد دھرنے کو حکومت کے خلاف ایک اور سازش ...
لیگی رہنماء رانا محمد افضل نے اسلام آباد دھرنے کو حکومت کے خلاف ایک اور سازش قرار دیدیا

  

اسلام آباد (این این آئی)رکنِ قومی اسمبلی اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما رانا محمد افضل نے اسلام آباد دھرنے کو حکومت کے خلاف ایک اور سازش قرار دے دیا۔نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے رانا محمد افضل نے کہا کہ مذہبی جماعت کے دھرنے کے دوران جو صورتحال ہے اس میں ہم ایسا کچھ نہیں کرنا چاہتے جس سے سازش کرنے والوں کا فائدہ ہو اور پھر سے سانحہ ماڈل ٹاؤن جیسا الزام حکومت پر عائد کیا جائے۔انھوں نے کہا کہ جو الزام ہم پر ماڈل ٹاؤن واقعہ کے بعد لگا وہ اب برداشت نہیں کریں گے کیونکہ اس میں کوئی ایسی سازش بھی ہوسکتی ہے جس میں پھر سے اموات ہوں۔انہوں نے کہا کہ اگرچہ ہم سمجھتے ہیں کہ عوام کو کئی روز سے شدید مشکل کا سامنا ہے اور اگر ہم چاہیں تو ان مشکلات کو طاقت کے استعمال سے بہت آرام سے ختم کرسکتے ہیں لیکن ہم عدالتی حکم کا بھی احترام کرتے ہیں جو سب سے زیادہ علمائے کرام پر واجب ہوتا ہے۔لیگی رہنما نے کہا کہ ایک جانب سے یہ تاثر پیش کیا جارہا ہے کہ حکومت بے بس اور کمزور ہوچکی ہے لیکن در حقیقت یہ مظاہرین حکومت کو کمزور ثابت نہیں کر رہے، بلکہ شہریوں اور خاص طور پر ان مریضوں کے ساتھ زیادتی کررہے ہیں جن کو ہسپتال پہنچنے کے لیے سخت مشکلات کا سامنا ہے۔انھوں نے کہا کہ ہم آخری وقت تک مظاہرین کو مذاکرات کی میز پر آنے کا موقع فراہم کررہے ہیں، لہذا انہیں چاہیے کہ کسی بھی قسم کے طاقت کے استعمال سے قبل خود ہی اسلام آباد ہائی کورٹ کے حکم نامے پر عمل کرتے ہوئے دھرنے کو ختم کردیں۔

مزید : اسلام آباد