انتخابات سے قبل بڑی سیاسی تبدیلیاں رونما ہونے والی ہیں ، پانامہ کرپشن نامہ اور چوری میں ملوث تمام کرپٹ ٹولہ جیل جاتا ہوا نظر آرہا ہے:عبدالقادر پٹیل

انتخابات سے قبل بڑی سیاسی تبدیلیاں رونما ہونے والی ہیں ، پانامہ کرپشن نامہ ...
انتخابات سے قبل بڑی سیاسی تبدیلیاں رونما ہونے والی ہیں ، پانامہ کرپشن نامہ اور چوری میں ملوث تمام کرپٹ ٹولہ جیل جاتا ہوا نظر آرہا ہے:عبدالقادر پٹیل

  

کراچی (ڈیلی پاکستان آن لائن)پاکستان پیپلز پارٹی کےسینئر رہنما اور  سابق رکن قومی اسمبلی عبدالقادر پٹیل نے کہا ہے کہ آئندہ انتخابات سے قبل ملک میں بڑی سیاسی تبدیلیاں رونما ہونے والی ہیں، پانامہ،  کرپشن نامہ اور چوری میں ملوث تمام کرپٹ ٹولہ جیل جاتا ہوا نظر آرہا ہے، شفاف انتخابات کے لئے ضروری ہے کہ یکساں اور منصفانہ احتساب کیا جائے تاکہ ملک میں جمہوریت مضبوط ہوسکے،  کراچی کی سیاسی پچ پر جلد بڑی تبدیلی ہونے والی ہے۔ بہت سے پرانے کھلاڑی سیاست سے آئوٹ اور کچھ نئے چہرے ''ان'' ہونے والے ہیں۔ عوام انہی لوگوں کو ووٹ دیں گے جنہوں نے ان کی بلا تفریق خدمت کی ہے۔

اتحاد ٹاؤن میں عوامی جلسہ سے خطاب کرتے ہوئےعبد القادر پٹیل نے  کہا کہ آج لوگ اختیارات کا رونا رو رہے ہی، جب ان کے پاس اختیارات تھے تو انہوں نے عوام کے مسائل کے حل کے لئے کچھ نہیں کیا، عوام کے مسائل کے حل کے لئے عہدہ ہونا ضروری نہیں ہے، ذاتی دلچسپی اور کوششوں سے عوام کے مسائل کو حل کیا جاسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پانامہ لیکس میں ملوث شریف برادران آج زیادتیوں کا رونا رو رہے ہیں، جب وہ اقتدار میں تھے تو انہوں نے اپنے سیاسی مخالفین کو طاقت کے ذریعے انتقام کا نشانہ بنایا، آج ان کا احتساب ہورہا ہے تو وہ چیخ رہے ہیں، ان کے لئے کہاوت مشہور ہے کہ ’’چور مچائے شور‘‘۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں احتساب کا آغاز ہونا اچھی بات ہے تاہم احتساب بلا تفریق ہونا چاہئے،ماضی میں کراچی کی سیاست پر ایک بھتہ خور جماعت قابض رہی تاہم اب یہ جماعت ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہے، کراچی کے آئندہ انتخابی نتائج حیران کن ہوں گے۔ انہوں نے کہا آئندہ انتخابات میں بڑے بڑے کھلاڑی آئوٹ ہوجائیں گے اور نئے چہرے سامنے آئیں گے۔

مزید : کراچی