بچے ہمارے ملک کا سب سے قیمتی سرمایہ ، ریاست اور والدین بچوں کو تحفظ دیں:بلاول بھٹو زرداری
کراچی (ڈیلی پاکستان آن لائن)پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ بچے ہمارے ملک کا سب سے قیمتی سرمایہ ہیں، ریاست اور والدین بچوں کو تحفظ دیں ، انہیں آگے بڑھائیں اور اس طرح تعلیم و تربیت کریں کہ وہ مستقبل میں قوم کے لیئے اعلیٰ و ارفع قوت بن کر ابھریں۔
عالمی یوم اطفال جو کہ کل دنیا بھرمیں منایا جائیگا، کی مناسبت سے جاری کردہ اپنے بیان میں بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے ہمیشہ بچوں کے تحفظ کے لیئے انقلابی اقدامات کئے ہیں اور ملک میں پولیو اور دیگر خطرناک بیماریوں سے حفاظت کی ویکسی نیشن کی مہم شروع کی۔ انہوں نے کہا کہ سندھ ملک کا واحد صوبہ ہے جہاں اعلی ثانوی تک تعلیم مفت ہے اور داخلہ و امتحانی فیس کے تمام اخراجات پیپلز پارٹی کی صوبائی حکومت برداشت کر رہی ہے۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ملک بھر میں بچوں کے لیئے صحت اور تعلیم کی سہولیات کو بہتر بنانے کی اشد ضرورت ہے،بچوں کو اعلیٰ ماحول فراھم کرنے کے لئے ہر پاکستانی کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا تاکہ وہ آگے چل کر وہ ذمہ دار شہری بن سکیں۔ انہوں نے کہا کہ نہ صرف فقط مزید قانون سازی کی جائیگی بلکہ 2018 کے انتخابات میں پاکستان پیپلز پارٹی کا انتخابی منشور بچوں کی فلاح و بہبود کے متعلق ضروری و قابل عمل اقدامات پر مبنی ہوگا۔