ودیا بالن کی ”تمہاری سلو“ناکامی کی طرف
ممبئی(ڈیلی پاکستان آن لائن)ودیا بالن کی 17نومبرکو ریلیز ہونے والی فلم ”تمہاری سلو“شائقین کو متاثر کرنے میں ناکام رہی ،فلم کے ابتدائی دو دنوں کا بزنس4 کروڑ 25 لاکھ بھارتی روپے بنی،جو ان اندازوں سے کہیں کم ہے جو ریلیز ہونے سے پہلے لگائے جارہے تھے۔
اس سے قبل یہ خیال کیا جا رہا تھا کہ ودیابالن کی وجہ سے ”تمہار ی سلو “ اچھا بزنس کرے گی، کیوں کہ ان کی پرانی فلمیں ”کہانی“،’ ’ڈرٹی پکچر“ اور’ ’نو ون کلڈ جسیکا“ جیسی فلمیں اچھی کمائی کرنے میں کامیاب گئیں تھیں۔تاہم کمائی سے ہٹ کر”تمہاری سلو“سے متعلق اچھے تبصرے آ رہے ہیں، نہ صرف فلمی ناقدین بلکہ عام شائقین نے بھی فلم میں ودیابالن کی اداکاری و کردار کو سراہا ہے۔
خیال رہے کہ ”تمہار ی سلو “ میں ودیا بالن نے ایک ایسی گھریلو خاتون کا کردار ادا کیا ہے، جو فلم میں آگے چل کر ایف ایم ریڈیو اسٹیشن کی رات کی ریڈیو جوکی ”آر جے“ بن جاتی ہیں۔فلم میں معمولی جھگڑوں اور پیار کے درمیان زندگی گزارنے والی ایک عام گھریلو عورت کے ریڈیو جوکی بننے کے بعد پیدا ہونے والے مسائل اور ان کی زندگی میں آنے والی تبدیلیوں کو دکھایا گیا ہے۔