آپ نے کی بورڈ پر یہ بٹن 'Scroll Lock' تو دیکھا ہوگا، لیکن کیا آپ کو معلوم ہے یہ کام کیا کرتا ہے؟ انتہائی دلچسپ فائدہ جانئے
لاہور (نیوز ڈیسک) آپ نے اپنے کمپیوٹر یا لیپ ٹاپ کے کی بورڈ کے اوپری دائیں حصے میں ’سکرول لاک (Scroll Lock)‘ کا بٹن تو ضرور دیکھا ہوگا لیکن شاید اس کا استعمال کبھی نہیں کیا ہو گا۔ دراصل آج کل بہت ہی کم لوگ ایسے ہیں جو اس کے مقصد اور استعمال سے واقف ہیں، حالانکہ یہ بڑے کام کا بٹن ہے۔
آج کے دور میں تو یہ Keyبالکل بے معنی اور بے فائدہ سمجھی جاتی ہے، لیکن ایک وقت تھا کہ جب کمپیوٹر کے ساتھ ماﺅس استعمال نہیں ہوتا تھا، یا بعد میں جب ماﺅس آیا بھی تو اس پر سکرول وہیل نہیں ہوتا تھا، اور تب یہ بٹن بنیادی اہمیت کا حامل ہوتا تھا۔ ان دنوں کسی مینیو میںا وپر نیچے حرکت کیلئے صرف ایرو Keys استعمال ہوتی تھیں، لیکن مسئلہ یہ تھا کہ یہی Keys’کرسر‘ کو الفاظ کے درمیان حرکت دینے کیلئے بھی استعمال ہوتی تھیں۔ تو ایسی صورت میں سکرول Key کا استعمال ’کرسر موڈ‘ سے ’سکرول موڈ‘ میں آنے کے لئے کیا جاتا تھا، اور واپس ’کرسر موڈ‘ میں جانے کے لئے بھی یہی بٹن استعمال ہوتا تھا۔ یعنی اگر آپ ایرو Keys کو ’کرسر‘ کو حرکت دینے کیلئے استعمال کررہے ہوں تو سکرول Keyکو دبانے سے ایرو Keys کسی مینیو میں سکرول کرنے کیلئے استعمال ہوسکتی تھیں۔
آج کے دور میں اگرچہ اس Key کا استعمال تقریباً ختم ہوچکا ہے لیکن مائیکرو سافٹ ایکسل کا بکثرت استعمال کرنے والے جانتے ہیں کہ اس کا اصل فائدہ کیا ہے۔ اگر آپ سپریڈ شیٹ کے خانوں میں تیزی کے ساتھ move کرنا چاہتے ہیں، کسی بھی سمت میں، تو اس کے لئے Scroll Lock کو استعمال کرتے ہوئے ’سکرول موڈ‘ میں آنا ہی بہترین آپشن ہے۔ آپ بھی کبھی ایکسل میں اس آپشن کو استعمال کر کے دیکھئے، اس کے بعد یقینا یہ key آپ کو بے فائدہ محسوس نہیں ہو گی۔