عالمی کپ ہاکی،موجودہ حالات میں ٹیم کیلئے جیت معجزہ ہوگی
پاکستان ہاکی ٹیم کے لئے ورلڈ کپ میں کامیابی اتنی آسان نہیں جتنی تصورکی جارہی ہے ورلڈ کپ میں قومی ٹیم کو خاص طور پر یورپی ٹیموں سے جیتنے میں بہت محنت درکار ہوگی آٹھ سال بعد ورلڈ کپ میں شرکت کرنے والی ٹیم کے کھلاڑیوں کے حوصلے اس وقت یقینی طور پر بلند ہیں مگر روائتی حریف بھارت کی سرزمین پر کھلاڑیوں کا پریشر میں آکر کھیلنا ایک فطری عمل ہے اب اس سے کس طر ح نمٹا جاتا ہے یہ کوچ اور کپتان کی ذمہ داری ہے جس سے کس طرح نبرد آزما ہوکر قومی ہاکی ٹیم اپنا ورلڈ کپ میں سفر جاری رکھے گی یہ تو آنے والاوقت ہی ثابت کرے گا پاکستان کی ٹیم اس وقت شدید مشکلات کاشکار ہے اور اس کی سب سے بڑی وجہ فنڈز کی عدم دستیابی ہے جس کا رونا ایک عرصہ سے پاکستان ہاکی فیڈریشن رو رہی ہے مگر کھیلوں سے محبت کرنے والی نئی حکومت نے اس حوالے سے کوئی عملی اقدامات نہیں کیا جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ پاکستان کی حکومت ہاکی کے کھیل کی ترقی کیلئے سنجیدہ ہی نہیں ہے اور صرف کرکٹ پر ہی توجہ دی جارہی ہے جس طرح سے وزیراعظم نے آتے ہی احسان مانی کو چیئرمین پی سی بی منتخب کیا ضرورت اس بات کی بھی تھی کہ ہاکی کے معاملات پر بھی اسی طرح سے نظر ڈالتے اور اس کے مسائل حل کرتے اس طرح سے یہ تاثر ظاہرہوتا ہے کہ عمران خان خود چونکہ ماضی میں کرکٹر تھے اس لئے انہوں نے کرکٹ معاملات پر تو توجہ دی مگر دیگر کھیل ابھی بھی بے بسی کی تصویر بنے ہوئے ہیں پاکستان کاقومی کھیل ہاکی ہے اور سب جانتے ہیں کہ ایک عرصہ سے اس کھیل کے ساتھ کیا سلوک روا رکھا جارہا ہے
ماضی کی حکومتیں بھی اس کھیل کو اسی طرح سے نظر انداز کرتی رہی ہیں اور اب تبدیلی کانعرہ لگانے والی حکومت بھی اسی ڈگر پرچلتی ہوئی نظر آتی ہے ضرورت اس بات کی ہے کہ اگر پاکستان ہاکی ٹیم نے ورلڈ کپ میں عمدہ پرفارمنس دکھانی ہے تو اس سے قبل اس کو اپنے معاملات درست کرنے کی ضرورت ہے کھلاڑیوں کی ضروریات پوری کرنے کی ضرورت ہے کیونکہ مشکلات کاشکار کھلاڑی کسی بھی صورت میں گراؤنڈ میں عمدہ پرفارمنس نہیں دے سکتے کھلاڑی اسی وقت دل سے کھیلیں گے جب ان کے دل خوش ہوں گے اور ان کو ان کی تمام ضروریات بھی دستیاب ہوں گی اس لئے ورلڈ کپ میں اس صورتحال کے پیش نظر یہ امید رکھنا کہ پاکستان کی ہاکی ٹیم ورلڈ کپ میں عمدہ پرفارمنس دے گی یہ ایک خواب ہی ہے حقیقت کچھ اور ہے اور اس حوالے سے ضرورت اس بات کی ہے کہ پہلے اپنے معاملات ٹھیک کئے جائیں ابھی بھی حالات اتنے خراب نہیں ہوئے اور اگر اسی طر ح سے یہ سلسلہ جاری رہا تو پھر مسائل مزید بڑھ جائیں گے جن پر قابو پانا پھر آسان نہیں ہوگا اس وقت نقصان صرف ہاکی کا ہورہا ہے اور اس نقصان کو اب مزید نقصان سے بچانے کی ضرورت ہے پاکستان کے لئے ہاکی ورلڈ کپ میں عمدہ پرفارمنس ایک بڑا چیلنج ہے۔