سہراب گوٹھ،فائرنگ سے میاں بیوی جاں بحق ،بیٹی زخمی
کراچی (اسٹاف رپورٹر) کراچی کے علاقے سہراب گوٹھ میں فائرنگ سے میاں بیوی جاں بحق جبکہ لڑکی زخمی ہوگئی۔ تفصیلات کے مطابق سہراب گوٹھ تھانے کی حدود لاسی گوٹھ میں نامعلوم تین مسلح افراد نے گھر میں گھس کر فائرنگ کرکے میاں ضمیر اور بیوی بھاگل اور بیٹی سومل کو زخمی کردیا۔ زخمیوں میں میاں بیوی اسپتال لے جاتے ہوئے دم توڑ گئے جبکہ بیٹی کی حالت نازک ہے۔ ایس ایس پی ملیر عرفا ن بہادر کے مطابق تین افراد نے ضمیر کے گھر میں گھس کر فائرنگ کی۔ جاں بحق اور فائرنگ کرنے والوں کے درمیان اندرون سندھ نوڈیرو سے پرانا جھگڑا چل رہا ، تھا۔ واقعہ ذاتی دشمنی کا شاخسانہ ہے۔ ایس ایس پی کے مطابق واقعے کی مزیدتفتیش کررہے ہیں۔ فائرنگ میں ملوث ملزمان کو جلد گرفتار کرلیا جائے گا۔