سپریم کورٹ کا نوازشریف کیخلاف العزیزیہ ریفرنس 3 ہفتے میں مکمل کرنے کا حکم
لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن) سپریم کورٹ نے احتساب عدالت کو نوازشریف کےخلاف العزیزیہ ریفرنس تین ہفتے میں مکمل کرنے کا حکم دے دیا۔
نوازشریف کے خلاف العزیزیہ سٹیل ملز ریفرنس کی مدت 17 نومبر کو ختم ہوچکی ہے جس کی مدت میں توسیع کےلئے احتساب عدالت کے جج ارشد ملک نے 16 نومبر کو سپریم کورٹ کو خط تحریر کیا تھا جس میں ٹرائل کی مدت میں توسیع کی درخواست کی گئی تھی۔
چیف جسٹس کی سربراہی میں 2 رکنی بینچ نے احتساب عدالت کے جج محمد ارشد ملک کی درخواست پرسماعت کی جس سلسلے میں نوازشریف کی طرف سے خواجہ حارث عدالت میں پیش ہوئے۔عدالت نے العزیزیہ ریفرنس کا ٹرائل 3 ہفتے میں مکمل کرنے کا حکم دیا۔چیف جسٹس پاکستان نے کہا کہ العزیزیہ ریفرنس کا ٹرائل مکمل کرنے کےلئے مزید مہلت نہیں ملے گی۔
واضح رہے کہ سپریم کورٹ العزیزیہ اور فلیگ شپ ریفرنس میں ٹرائل کی مدت میں 6 مرتبہ پہلے ہی توسیع کرچکی ہے اور اس میں آخری توسیع 12 اکتوبر کو کی گئی جس میں عدالتِ عظمیٰ نے احتساب عدالت کو 17 نومبر تک کی مہلت دی تھی۔