آشیانہ ہاؤسنگ کیس: نیب والو! ٹھیک طریقے سے کام کرو، سپریم کورٹ کی تنبیہ

آشیانہ ہاؤسنگ کیس: نیب والو! ٹھیک طریقے سے کام کرو، سپریم کورٹ کی تنبیہ
آشیانہ ہاؤسنگ کیس: نیب والو! ٹھیک طریقے سے کام کرو، سپریم کورٹ کی تنبیہ

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن) آشیانہ ہاؤسنگ سوسائٹی کیس کی سماعت کے دوران سپریم کورٹ نے قومی احتساب بیورو کو تنبیہ کی کہ 'نیب والو ٹھیک طریقے سے کام کرو، یہ اہم کیس ہے'۔
جسٹس عظمت سعید کی سربراہی میں 3 رکنی بینچ نے آشیانہ ہاؤسنگ سوسائٹی کیس کے شریک ملزمان منیر ضیا اور امتیاز حیدر کی جانب سے دائر ضمانت کی درخواستوں کی سماعت کی۔سماعت شروع ہوئی تو ملزمان کے معاون وکیل نے عدالت کو بتایا کہ ملزم منیر ضیا کے وکیل اعظم نذیر تارڑ سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں مصروف ہیں اس لیے کیس کی سماعت تین روز کےلئے ملتوی کی جائے۔
اس موقع پر جسٹس عظمت سعید نے نیب کے وکیل سے استفسار کیا 'یہ مقدمہ اصل میں کیا ہے' جس پر نیب کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ ملزمان نے آشیانہ ہاؤسنگ سکیم میں قومی خزانے کو نقصان پہنچایا، ٹھیکہ کسی اور کمپنی کو ملنا تھا لیکن 'کاسا' نامی کمپنی کو دے دیا گیا۔جسٹس عظمت سعید نے استفسار کیا 'کیا نیب نے کاسا والوں کو پکڑا یا نہیں' جس پر نیب کے تفتیشی افسر نے کہا کہ کاسا بنیادی طور پر تین کمپنیوں کا جوائنٹ وینچر ہے تاہم 6 ملزمان کےخلاف عبوری ریفرنس دائر کیا گیا ہے۔تفتیشی افسر نے کہا کہ کیس میں سابق وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف اور فواد حسن فواد کو گرفتار کر کے تفتیش کی گئی ہے اور حتمی ریفرنس بعد میں لایا جائے گا۔
جسٹس عظمت سعید نے کہا کہ 'کاسا' تین کمپنیوں کا جوائنٹ وینچر ہے تو صرف 6 ملزمان کیسے گرفتار ہوئے، نیب والو ٹھیک طریقے سے کام کرو۔فاضل جج نے استفسار کیا کہ کیس کے مرکزی ملزم نے ضمانت کےلئے سپریم کورٹ سے رجوع کیا؟ جس پر نیب کے تفتیشی افسر نے بتایا ملزم احد چیمہ کی درخواست ابھی سپریم کورٹ میں نہیں آئی۔
جسٹس عظمت سعید نے ریمارکس میں کہا کہ اہم کیس ہے نیب طریقے سے تحقیقات کرے، وکلا نہ ہونے کے باعث آج کوئی فیصلہ نہیں کررہے۔کیس کی مزید سماعت 29 نومبر تک ملتوی کردی گئی۔
یاد رہے کہ آشیانہ ہاؤسنگ سوسائٹی ریفرنس میں نیب نے سابق وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کو گرفتار کر رکھا ہے اور ان کے صاحبزادے حمزہ شہباز سے بھی تفتیش جاری ہے۔