انسداد پولیو ٹیم بچوں کا جعلی اندراج اور ویکسین ضائع کرتے رنگے ہاتھوں پکڑی گئی، ضائع کی گئی ویکسین کا حساب کیسے لگارہے تھے؟ جان کر آپ کو بھی شدید غصہ آئے گا
اسلام آباد(ویب ڈیسک) وفاقی دارالحکومت میں ایک پولیو ٹیم جعلی اعداد و شمار مرتب کرتے ہوئے اور پولیو ویکسین ضائع کرتے ہوئے پکڑی گئی۔
پولیو پروگرام کے ایک عہدیدار نے بتایا کہ ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن (ڈبلیو ایچ او) کی ٹیم نے سبزی منڈی موڑ کی مستقل گزرگاہ پر تعینات ویکسین کے عملے کو رنگے ہاتھوں پکڑا، عملہ اعداد و شمارمیں ہر بچے کے جعلی اندراج کے ساتھ ویکسین کے 2 قطرےزمین پر پھینک دیتا تھا۔
ڈان نیوز کے مطابق مذکورہ واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے اسلام آباد میں پولیو کے فوکل پرسن ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (اے ڈی سی) ڈاکٹرآصف رحیم کا کہنا تھا کہ ٹیم کے تمام 11 اراکین کو برطرف کردیا گیا تا کہ آئندہ کوئی اس قسم کی حرکت نہ کرسکے۔ان کا کہنا تھا کہ یہ بالکل بھی قابلِ برداشت نہیں لہٰذا ہم نے سخت سزا دینے کا فیصلہ کیا ہے کیوں کہ یہ کوئی خطا یا غلطی نہیں بلکہ ٹیم کی اس مذموم حرکت کی بدولت بے شمار بچے ویکسین سے محروم رہے جس سے ملک میں پولیو کے خاتمے کا عمل بھی طول پکڑے گا۔
مذکورہ معاملے کا علم ہونے پر مانیٹرنگ ٹیم نے اس بارے میں ضلعی انتظامیہ کو آگاہ کیا اور اس حرکت کے خلاف ضروری کارروائی کرنے کی درخواست کی جو فنڈز کے ضیاع کا سبب بننے کے ساتھ ملک سے پولیو کے خاتمے میں رکاوٹ کی وجہ ہے۔ڈپٹی کمشنر کا مزید کہنا تھا کہ اگر یہ وفاقی دارالحکومت میں ہوسکتا ہے تو ملک کے دیگر حصوں میں کیا صورتحال ہوگی؟ان کا کہنا تھا کہ ہم ملک میں تمام پولیو ٹیمز کو اس حوالے سے سخت پیغام پہنچانا چاہتے ہیں کہ اس طرح کی حرکت کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔