دنیا کے وہ شہر جہاں غیر ملکیوں کے لئے ڈھیروں نوکریاں موجود ہیں
لندن(مانیٹرنگ ڈیسک) دنیا میں اکثر شہر بہت مہنگے ہیں اور وہاں غیرملکیوں کے لیے نوکریوں کے مواقع بھی بہت کم ہوتے ہیں۔ اب برطانوی اخبار دی انڈیپنڈنٹ نے دنیا کے ان شہروں کی ایک فہرست جاری کی ہے جہاں نہ صرف غیرملکیوں کے لیے نوکریوں کے ڈھیروں مواقع موجود ہیں بلکہ وہاں رہائش اور سفر سے لے کر تمام ضروریات زندگی انتہائی ارزاں دستیاب ہیں۔ اس فہرست میں سرفہرست بحرین کا شہر مانامہ ہے جہاں رہائش نیویارک کی نسبت 42.1فیصد سستی ہے اور ایک بیڈروم کا فلیٹ 940ڈالر (تقریباً 1لاکھ 25ہزار روپے) میں مل جاتا ہے۔ دوسرے نمبر پر جمہوریہ چیک کا شہر پراگو، تیسرے نمبر پر سپین کا دارالحکومت میڈرڈ، چوتھے نمبر پر ملائیشیاءکا دارالحکومت کوالالمپور، پانچویں نمبر پر نیدرلینڈز کا دارالحکومت ایمسٹرڈیم، چھٹے نمبر پر سپین کا شہر بارسیلونا اور ساتویں نمبر پر جنوبی افریقہ کا شہر جوہانسبرگ آتا ہے۔
انٹرنیشنز (InterNations)کے سروے کے مطابق ان شہروں کے بعد فہرست میں بالترتیب تھائی لینڈ کا دارالحکومت بنکاک، سوئٹزرلینڈ کا شہر باسل، جرمنی کا شہر فرینکفرٹ، میکسیکو کا دارالحکومت میکسیکو سٹی، اومان کا دارالحکومت مسقط، ہنگری کا دارالحکومت بڈاپیسٹ، نیوزی لینڈ کا شہر آک لینڈ، ابوظہبی، لکسمبرگ سٹی، دبئی، جرمنی کا دارالحکومت برلن، نیدرلینڈز کا شہر دی ہیگ، جرمنی کا شہر ہیمبرگ، جنوبی کوریا کا دارالحکومت سیﺅل، آسٹریا کا دارالحکومت ویانا، سوئٹزرلینڈ کا شہر زیورخ، جرمنی کا شہر میونخ، یوگنڈا کا دارالحکومت کمپالا، جنوبی افریقہ کا دارالحکومت کیپ ٹاﺅن اور سویڈن کا دارالحکومت سٹاک ہوم آتے ہیں جو غیرملکیوں کے لیے رہائش اور نوکریوں کے حوالے سے بہترین شہر قرار پائے ہیں۔