بارسلونا میں "اردو انگریزی پڑھنا اور لکھنا سیکھیں “ کے عنوان سے تقریب کا انعقاد

بارسلونا میں "اردو انگریزی پڑھنا اور لکھنا سیکھیں “ کے عنوان سے تقریب کا ...
بارسلونا میں

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

بارسلونا (غفوراحمد قریشی سے ) آل پاکستانی فیمیلیز ایسوسی ایشن سپین اور پِیس فار پِیس ایسوسی ایشن کے زیرِ اہتمام ہوسپتالیت میں پاکستانی بچوں کیلئے "اردو انگریزی پڑھنا اور لکھنا سیکھیں “ کی تقریب کا انعقادہوا،ممبر کتلان اسمبلی پروفیسر سوسانا بلتران، قونصل جنرل پاکستان عمران علی چوہدری اور انٹرنیشنل کشمیر پیس فورم ہسپانیہ کے صدر ایڈووکیٹ راجہ نامدار اقبال خان نے خصوصی شرکت کی -مہمانان گرامی سے کورس کا تعارف اور اغراض و مقاصد طاہر رفیع نے بیان کیئے۔اپنے خطاب میں سیوتادانوس جماعت کی ممبر صوبائی اسمبلی محترمہ سوسانا بلتران نے اردو انگریزی کورس کے کامیاب انعقاد پر پاکستانی برادری کو مبارک باد پیش کی اور کورس کو پاکستانی بچوں کے روشن مستقبل کے لئے مثبت قدم قرار دیا اور اپنی جماعت کی طرف سے ہر ممکن مدد کرنے کی یقین دہانی کروائی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے قونصل جنرل پاکستان نے کورس کو پاکستانیوں کے لئے مبارک قرار دیا اور طلبا سے اردو زبان کی اہمیّت پر بات کی۔ انہوں نے تقریب میں موجود والدین سے بات کرتے ہوئے زور دیا کہ والدین بچوں کا حوصلہ اس بات پہ بڑھائیں کہ مختلف شعبوں میں تعلیم حاصل کریں اور آئی ٹی کے نام پہ اطمینان حاصل کرنے کی بجائے بچوں کو سپیشلائزڈ تعلیم کی طرف لے کے جائیں۔ پِیس فار پِیس کے صدر علی رشید بٹ ایسوسی ایشن نےہر ممکن تعاون کی پیش کش کرتے ہوئے اِس پروگرام کو پورے بارسلونا اور دوسرے اضلاع میں پھیلانے کا اعادہ کیا۔ راجہ نامدار اقبال نے اپنے خطاب میں طلبا کو ہسپانیہ میں اعلٰی تعلیم کے ساتھ مادری زبان پر عبور حاصل کرنے پر زور دیا۔ شرکا کا کہنا تھا کہ اردو انگریزی زبانیں پاکستانی بچوں کے لئے بہت اہمیت کی حامل ہیں۔ اردو سیکھنے سے ہمارے بچوں میں زبان کی حقیقی روح سے شناسائی آئے گی جو کہ آنے والے کل میں اردو کی بطور زبان ترویج اور ترقی میں ممد و معاون ثابت ہو گی۔ تقریب سے بیگم طاہر رفیع نے بھی مختصر خطاب کیا اور پاکستانی والدین بالخصوص ماوں کا شکریہ ادا کیا۔کورس انچارج ڈاکٹر عرفان مجید راجہ نے اردو زبان کی ضرورت اور اہمیّت پر اردو اور ہسپانوی زبان میں روشنی ڈالی۔اردو انگریزی کورس جو چار ہفتہ قبل ہوسپتالیت میں 33 بچوں کے ساتھ شروع ہوا تھا اب بچوں کی تعداد چالیس تک پہنچ چکی ہے۔ اگلے کورس کے لئے مزید خاندان خود کو رجسٹر کروا رہے ہیں۔