احسن جمیل گجر نے ایک اور اعلیٰ سرکاری افسر کی نوکری چھین لی، تحریک انصاف کی ہی خاتون ایم پی اے نے تہلکہ خیز انکشاف کر دیا

احسن جمیل گجر نے ایک اور اعلیٰ سرکاری افسر کی نوکری چھین لی، تحریک انصاف کی ...
احسن جمیل گجر نے ایک اور اعلیٰ سرکاری افسر کی نوکری چھین لی، تحریک انصاف کی ہی خاتون ایم پی اے نے تہلکہ خیز انکشاف کر دیا

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

گوجرانوالہ (ڈیلی پاکستان آن لائن) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) گوجرانوالہ سے واحد خاتون ایم پی اے شاہین رضا نے بھی ڈی پی او پاکپتن کے تبادلے کا باعث بننے والے احسن جمیل گجر کے پٹرول پمپ کو گرانے کی کوشش کرنے پر ڈپٹی کمشنر گوجرانوالہ کو تبدیل کئے جانے کا انکشاف کر دیا ہے۔
انہوں نے نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ احسن جمیل گجر اور ان کے خاندان کی فیکٹریاں بھی تھیں لیکن ان پر کبھی ہاتھ نہیں ڈالا گیا مگر اس ڈی سی او نے دلیرانہ اقدام اٹھاتے ہوئے پیٹرول پمپس گرائے اور راستے کھلے کئے مگر یہ بڑی عجیب بات ہے کہ جب ’چن دا کِلا‘ کے پاس پہنچا تو وہاں احسن جمیل گجر کا پیٹرول پمپ تھا، اور یہاں آ کر آپریشن رک گیا اور پھر ڈپٹی کمشنر کا تبادلہ ہو گیا۔
واضح رہے کہ تجزیہ کار حبیب اکرم نے گزشتہ روز دنیا نیوز کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے انکشاف کیا تھا کہ ڈپٹی کمشنر گوجرانوالہ نے لیز ختم ہونے پر خرم دستگیر اور دیگر افراد کے پٹرول پمپس گرادیئے لیکن جب انہوں نے احسن جمیل گجر کا پٹرول پمپ گرانے کی کوشش کی تو ان کا تبادلہ کردیا گیا۔
حبیب اکرم نے اس موقع پر شاہین رضا کا نام لئے بغیر کہا کہ تبادلہ ہونے پر گوجرانوالہ سے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی واحد خاتون ایم پی اے وزیراعلیٰ عثمان بزدار کے پاس گئیں اور کہا کہ ڈی سی اچھا بھلا کام کررہاہے ، اس کوکیوں ہٹایا جارہاہے تو عثمان بزدار نے کہاہے کہ اس کا حکم اوپر سے آیاہے۔
یاد رہے کہ کہ احسن جمیل گجر کا خاور مانیکا کے سلسلے میں ڈی پی او پاکپتن کے تبادلے کے حوالے سے کافی چرچا رہا ہے اور ان کو اپنی اس حرکت پر سپریم کورٹ میں پیش ہو کر معافی بھی مانگنا پڑی تھی۔