علیمہ خان کو این آر او دیا گیا ، شریف خاندان کوبھی ریلیف ملناچاہئے :مفتاح اسماعیل
کراچی(ڈیلی پاکستان آن لائن) مسلم لیگ ن کے رہنما مفتاح اسماعیل نے کہاہے کہ علیمہ خان کو این آر او دیدیا گیاہے ، ان کی طرح شریف خاندان کو بھی ریلیف ملنا چاہئے ۔
دنیا نیوز کے پروگرام ”آن دا فرنٹ “ میں گفتگو کرتے ہوئے مفتاح اسماعیل نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان نے امریکی صدر کے جواب میں اچھے ٹوئٹس کئے ہیں اور میں ان کی تعریف کرتا ہوں ، عمران خان نے بہت اچھے ٹوئٹس کئے ہیں اور میں ان سے اتقاق کرتاہوں۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن کی حکومت سے بھی غلطیاں ہوئی ہیں لیکن تحریک انصاف کی حکومت نے ایک سو دن میں جو بدتمیزیاں مچائی ہیں ان کی تاریخ میں مثال نہیں ملتی ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے اپنے غیر ذمہ دارانہ رویے سے ماضی کی تمام حکومتوں کو پیچھے چھوڑ دیاہے ، میں اس موقع پر علیمہ خان کا کیا ذکرکروں ؟ ان کو این آراو دیدیاہے اور جو کہا کرتے تھے کہ میں پکڑ کربند کردوں گا ، ان کی اس معاملے پر کوئی اچھی سی ٹوئٹ بھی نہیں آئی ،انہوں نے کہا کہ یہ ریلیف شریف خاندان کو بھی ملنا چاہئے جو علیمہ خان کودیا گیاہے ۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب میں مسلم لیگ ن کے دور حکومت میں شہبازشریف کے ہاتھ میں پوری پالیسی ہوتی تھی ، ان کے ہوتے ہوئے کوئی ڈی فیکٹونہیں تھا ۔