غلط ٹیم لیکر آنا وزیر اعظم عمران خان کی سب سے بڑی غلطی ہے :چودھری منظور
لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) پیپلز پارٹی کے رہنما چودھری منظورنے کہاہے کہ عمران خان کی سب سے بڑی غلطی یہ ہے کہ وہ غلط ٹیم لیکر آئے ، دوسری جماعتوں کے بھگوڑوں اور لوٹوں کو اہم عہدے دیدیے جبکہ اپنے لوگوں کو پیچھے چھوڑ دیا ۔
دنیانیوز کے پروگرام ”آن دا فرنٹ “ میں گفتگو کرتے ہوئے چودھری منظور احمد نے کہا کہ عمران خان نے امریکی صدر کے جواب میں جوٹوئٹ کیاہے ساری جماعتیں اس کے پیچھے کھڑی ہیں کیونکہ یہ پاکستان کے مفاد میں بات ہے ۔ انہوں نے کہا کہ جتنی باتیں عمران خان نے کہی ہیں یہ باتیں پیپلز پارٹی نے فرینڈز آف پاکستان کے فورم میں امریکی صدر باراک اوبامہ کے سامنے کی تھیں۔ انہوں نے کہا کہ جہاں حکومت غلط ہوگی ہم تنقید کریں گے ، عمران خان کی غلطیاں قابل معافی نہیں ہوسکتیں کیونکہ وہ ان غلطیوں کے ذمہ دار ہیں۔ عمران خان کی سب سے بڑی غلطی یہ ہے کہ وہ غلط ٹیم لیکر آئے ہیں ، عمران خان نے دوسرے جماعتوں کے بھگوڑوں اور لوٹوں کو اہم سیٹوں پر لاکر بٹھا دیا اور اپنے بندوں کو پیچھے کردیا ۔انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت کیلئے کوئی تیار ی نہیں تھی ، سو دن کے اندر حکومت کی کوئی سمت نظر نہیں آرہی اور مہنگائی میں اضافہ ہوتا جارہاہے ۔