”میں نے پڑھا ہے اتنے فیصد کرپشن میں کوئی حرج نہیں“فیاض الحسن چوہان نے مضحکہ خیز بیان دے دیا
لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن )پنجاب کے وزیر اطلاعات فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ میں نے پڑھا ہے کہ 5 پرسنٹ تک کرپشن میں کوئی حرج نہیں۔الحمرا ہال لاہور میں نیب کے زیر اہتمام بدعنوانی کے خلاف آگاہی تقریب سے خطاب میں انہوں نے کہا کہ لوٹ مار کرنے والے نیب آمد پر ایسے وکٹری کا نشان بناتے ہیں جیسے پیدل حج کر کے آئے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ تباہی اور بربادی کا بنیادی سبب کرپشن ہے، عوام کے پیسے کو کھانے کی اللہ کے ہاں کوئی معافی نہیں، بدقسمتی سے لوٹ مار کرنے والے ٹکے ٹکے کے سیاستدان باتیں کرتے ہیں۔صوبائی وزیر اطلاعات نے مزید کہا کہ سرکار کا پیسا ہو یا ریاست کا، اسے کھا جانا کہاں کا انصاف ہے؟ وزیراعظم عمران خان نے پہلے 3 ماہ میں کرپٹ سیاستدانوں کی بیرون ملک جائیداد کا سراغ لگایا ہے۔دوران تقریر فیاض الحسن چوہان نے یہ بھی کہا کہ میں نے پڑھا ہے کہ 5 پرسنٹ تک کرپشن میں کوئی حرج نہیں، اس پر ڈائریکٹر نیب حسنین گیلانی نے کہا کہ نیب میں زیروپرسنٹ ٹارلرنس بھی نہیں ہے۔