سابق وزیر اعظم نواز شریف علاج کیلئے آج لندن روانہ ہوں گے، تمام تر انتظامات مکمل کرلیے گئے

سابق وزیر اعظم نواز شریف علاج کیلئے آج لندن روانہ ہوں گے، تمام تر انتظامات ...
سابق وزیر اعظم نواز شریف علاج کیلئے آج لندن روانہ ہوں گے، تمام تر انتظامات مکمل کرلیے گئے

  



لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) سابق وزیر اعظم نواز شریف علاج کی غرض سے آج لندن روانہ ہوں گے، ان کی روانگی کے تمام تر انتظامات مکمل کرلیے گئے ہیں۔

ذرائع کے مطابق سابق وزیر اعظم کو لندن لے جانے کیلئے قطر ایئر لائن کی ایئر ایمبولینس کا بندوبست کیا گیا ہے جس کے ذریعے انہیں براستہ دوحہ لندن لے جایا جائے گا۔ ایئر ایمبولینس منگل کی صبح 9 بجے لاہور ایئر پورٹ پہنچ جائے گی جہاں سول ایوی ایشن حکام نے حج ٹرمینل پر تمام تر انتظامات مکمل کرلیے ہیں، وہ 10 بجے لاہور کے علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئر پورٹ سے روانہ ہوں گے۔ یہاں یہ بات بھی یاد رہے کہ سابق وزیر اعظم نواز شریف کا نام ای سی ایل سے نہیں نکالا گیا تاہم وہ عدالتی فیصلے کی مصدقہ کاپی ایئر پورٹ پر دکھا کر بیرون ملک جاسکیں گے۔

دوسری جانب نجی ٹی وی جیو نیوز نے دعویٰ کیا ہے کہ قطر ایئر لائن کی ایئر ایمبولینس رات کو تین بجے لاہور ایئر پورٹ پہنچ جائے گی اور سابق وزیر اعظم صبح 9 بجے لندن کیلئے روانہ ہوں گے۔ نجی ٹی وی کے ذرائع نے یہ بھی دعویٰ کیا ہے کہ نواز شریف کی روانگی کیلئے سی اے اے سے دوپہر ساڑھے 12 بجے کی کلیئرنس لی گئی ہے تاہم روانگی کے وقت کا حتمی فیصلہ ن لیگ ہی کرے گی۔سابق وزیر اعظم کے ہمراہ ان کے چھوٹے بھائی اور اپوزیشن لیڈر شہباز شریف اور ذاتی معالج ڈاکٹر عدنان خان بھی لندن روانہ ہوں گے۔

مزید : اہم خبریں /قومی /سیاست /علاقائی /پنجاب /لاہور