حکومت اور اپوزیشن کے رویے نے کشمیریوں کو مایوس کیا،اشرف جلالی
لاہور(نمائندہ خصوصی)تحریک لبیک یارسول اللہ ؐکے سربراہ اور تحریک صراط مستقیم کے بانی ڈاکٹر محمد اشرف آصف جلالی نے رحیم یار خان، چیچہ وطنی، اوکاڑہ، گوجرانوالہ، گجرات، منڈی بہاؤالدین، راولپنڈی،اٹک، چکوال، میانوالی میں بڑے بڑے اجتماعات میں خطاب کرنے کے بعدلاہور واپسی پر میڈیا کے احباب سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ حکومت اور اپوزیشن کے غیر سنجیدہ رویّے نے کشمیریوں کو از حد مایوس کر دیا ہے۔ بھارت کشمیر ہڑپ کر کے آگے بڑھ رہا ہے۔مگرحکومت پاکستان اور اپوزیشن مفادات کی بند ربانٹ میں مصروف ہیں۔
دیکھتے دیکھتے کشمیر ہمارے ہاتھوں سے چِھن گیا ہے جس انداز سے کشمیر کاز کے لحاظ سے قوم کی آنکھوں میں دھول جھونکی جا رہی ہے اس کی مثال نہیں ملتی۔مقبوضہ وادی میں انڈین آرمی کے لاکھوں ہندوؤں کے علاوہ دو لاکھ سِکھ بھی کشمیری مسلمانوں کی نسل کشی کر رہے ہیں اور پاکستان کے حکمران سکھوں کیلئے پلکیں بچھائے خوشی کر رہے ہیں۔ پاکستان کے حکمرانوں نے مقروض پاکستان کے اربوں روپے خرچ کر کے سکھوں، ہندوؤں اور قادیانیوں کیلئے راہداری کھول دی ہے۔ مگر بھارت نے مظلوم و محصور کشمیریوں کیلئے ریلیف کی ایک باری بھی نہیں کھولی۔کلمہ اسلام کی بنیاد پر بننے والی سلطنت میں چار سو مندروں کی مرمت اور آرائش و زیبائش کا سرکاری اعلان نظریہ پاکستان کی کھلی خلاف ورزی ہے ہندوؤں اور سکھوں کے بعد بدھ مذہب کے پجاریوں نے بھی پاکستان کا رخ کر لیا ہے۔آئین پاکستان اقلیات کے حقوق کا ضامن ہے مگر اقلیات کی ایسی حمایت جو قرأن و سنت کی روشنی میں قطعی طور پر حرام ہے اس کی ہر گز اجازت نہیں دی جا سکتی۔ان کے ہمراہ تحریک لبیک یارسول اللہ صلی اللہ علیک وسلم و تحریک صراط مستقیم کے دیگر قائدین مولانا محمد اعجاز احمد نیازی جلالی، صاحبزادہ محمد سعید احمد جلالی،مفتی محمد منیر حیدر رضوی،مفتی محمد فیضان جلالی، مفتی خان محمد بھوروی، مولانا محمد اکبر حیات جلالی،مفتی محمد جہانگیر رضوی، مولانا محمد شکیل قادری،مولانا محمد عرفان علی جلالی موجود تھے۔