سفید کوٹ پہننے والے اس کے تقدس کا بھی خیال رکھیں،سردار الفرید ظفر

  سفید کوٹ پہننے والے اس کے تقدس کا بھی خیال رکھیں،سردار الفرید ظفر

  



لاہور (سٹی رپورٹر) پرنسپل پوسٹ گریجویٹ میڈیکل انسٹی ٹیوٹ پروفیسر ڈاکٹر سردار محمد الفرید ظفر نے کہا ہے کہ سفید کوٹ دکھی انسانیت کی خدمت کی علامت ہے جو خواہش کے باوجود ہر کسی کو نصیب نہیں ہوتا۔ اوور کوٹ پہننے والوں کو اس کے تقدس کا بھر پور خیال رکھنا ہوگا جبکہ ڈاکٹری پیشہ اختیار کرنے والے کسی دباؤ یا مجبوری سے اس شعبے میں نہیں آتے بلکہ دکھی انسانیت کی خدمت کا جذبہ ہی انہیں اس چیلنج کو قبول کرنے پر آمادہ کرتا ہے تاہم یہ جوش و خروش آخر تک قائم رہنا چاہیے۔

وہ لاہور جنرل ہسپتال سے منسلک امیر الدین میڈیکل کالج کے ایم بی بی ایس کے2019-24سیشن کی افتتاحی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ پرنسپل نے والدین پر زور دیا کہ وہ دوران تعلیم اپنے بچوں پر نگاہ رکھیں تاکہ وہ زیادہ وقت تعلیمی سرگرمیوں میں صرف کریں۔ تقریب میں فیکلٹی ممبران، سٹوڈنٹس اور ان کے والدین نے بھرپور شرکت کی۔ سینئر ڈاکٹرز نے ایم بی بی ایس میں داخلہ لینے والے خوش نصیب طلبا و طالبات اوراُن کے والدین کو مبارکباد دی۔ اس موقع پر مختلف شعبوں کے پروفیسرز صاحبان اور ایم ایس میو ہسپتال ڈاکٹر طاہر خلیل نے بھی اظہار خیال کیا۔پرنسپل پروفیسر ڈاکٹر الفرید ظفر نے کہا کہ موجودہ حکومت، وزیر اعظم عمران خان کے ویژن کے مطابق صحت کے شعبہ کو اولین ترجیح د ے رہی ہے۔ صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد کی خصوصی کاوشوں اور دلچسپی کے باعث ایک ہزار میڈیکل آفیسرز اور پانچ ہزار نرسیں پنجاب پبلک سروس کمیشن کے ذریعے بھرتی کی جا رہی ہیں جن کی تعیناتی سے صوبہ بھر کے سرکاری ہسپتالوں میں علاج معالجہ کا معیار مزید بلند ہو گا اور مریضوں کی نگہداشت میں مزید بہتری آئے گی اور ہزاروں خاندانوں کو رزگار کے مواقع میسر آئیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ گزشتہ چند برسوں سے امیر الدین میڈیکل کالج نے صوبہ بھر میں ا پنا جو مقام بنایا ہے اُس کاکریڈٹ اس ادارے کے اساتذہ اور فارغ التحصیل ہونے والے اُن سٹوڈنٹس کے سر ہے جو اپنی میڈیکل کی تعلیم مکمل کر کے عملی میدان میں قدم رکھ چکے ہیں اور اپنی پیشہ وارانہ صلاحیتوں سے اس ادارے کا نام روشن کر رہے ہیں۔ان کا مزید کہنا تھا کہ سفید اوور کوٹ زیب تن کر کے ملک و قوم کا نام روشن کرنے والے سپوتوں کے والدین خوش نصیب ہیں۔لاکھوں کی تعداد میں لوگ اپنے بچوں کو اس پروفیشن میں بھیجنے کے خواہا ں ہیں۔انہوں نے طالبات پر زور دیا کہ وہ بھی میڈیکل کی تعلیم مکمل کر کے گھر بیٹھنے کی بجائے ہسپتالوں میں دکھی انسانیت کی خدمت کے لئے اپنے فرائض سر انجام دیں۔پروفیسر الفرید ظفر نے کہا کہ میڈیکل کے پروفیشن میں ڈاکٹروں کے پاس آنے والے مریض اللہ تعالیٰ کی امانت ہوتے ہیں جن کی بھرپور خدمت کر کے دنیاکے ساتھ ساتھ آخرت کی کامیابی بھی حاصل کر سکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ دکھی انسانیت کی خدمت اور معاشرے میں بہتری لانے کیلئے جذبے اور جنون کی ضرورت ہے اور ان نوجوانوں سے ملک و قوم کو بہت سی امیدیں وابستہ ہیں۔ محنت اور نیک نیتی کو شعاربنا کر ان تمام بچوں کو اپنے والدین کی امیدوں پر پور ااترنا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ امیر الدین میڈیکل کالج میں بہترین فیکلٹی ممبران خدمات سر انجام دے رہی ہے جن کی پیشہ وارانہ مہارت کسی وضاحت کی محتاج نہیں۔ تقریب کے اختتام پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پرنسپل پی جی ایم آئی / اے ایم سی نے کہا کہ موجودہ حکومت نے صحت کے شعبے کیلئے نمایاں ترجیحات کا تعین کیا ہے۔انہوں نے امیر الدین میڈیکل کالج کے طلبا و طالبات اور اساتذہ کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ 2012میں آغاز کرنے والے امیر الدین میڈیکل کالج کو منفرد مقام حاصل ہو چکا ہے اور وہ اس ادارے کے مستقبل میں بھی کامیابی کیلئے دعا گو ہیں۔ اس موقع پر ایم بی بی ایس کے افتتاحی سیشن میں طلبا و طالبات، والدین اور مہمانوں کی کثیرتعداد موجود تھی جنہوں نے اس تقریب کے شاندار انعقاد کو سراہا۔

مزید : میٹروپولیٹن 1