بل گیٹس ایک بار پھر دنیا کے امیر ترین شخص بن گئے،بلوم برگ

  بل گیٹس ایک بار پھر دنیا کے امیر ترین شخص بن گئے،بلوم برگ

  



اسلام آباد(آن لائن) ایمازون کے بانی جیف بزوز کی دولت میں کمی ہوگئی اور ایک بار پھر مائیکرو سافٹ کے بانی بل گیٹس دنیا کے امیر ترین شخص بن گئے۔امریکی اقتصادی جریدے بلوم برگ کے مطابق جیف بزوزچند ہفتے تک 114 ارب ڈالر کی دولت کے ساتھ دنیا کے امیر ترین شخص تھے، تاہم اب ان کی دولت کم ہوکر 109 ارب ڈالر رہ گئی ہے جبکہ مائیکرو سافٹ کے بانی بل گیٹس دنیا کے امیر ترین شخص بن گئے ہیں اور ان کی دولت میں چند ہفتوں کے دوران 6 ارب ڈالر کا اضافہ دیکھنے میں آیا۔بلوم برگ کی ارب پتی افراد کے حوالے سے تازہ فہرست میں مائیکرو سافٹ کے بانی بل گیٹس کو 110 ارب ڈالر کے ساتھ دنیا کا امیر ترین شخص قرار دیا گیا ہے۔بلوم برگ کی رپورٹ کے مطابق بل گیٹس کی دولت بڑھ کر 110 ارب ڈالر ہو چکی ہے اور وہ ایک بار پھر دنیا کے امیر ترین شخص بن چکے ہیں۔فہرست میں جیف بزوز کو 109ارب ڈالرز کے ساتھ دوسرے نمبر پر رکھا گیا ہے۔تیسرے نمبر پر فرانسیسی شخص برنارڈ ارنالٹ کو رکھا گیا ہے جن کی دولت 103ارب ڈالر بتائی گئی ہے۔فیس بک کے بانی مارک زکربرگ کو اس فہرست میں دنیا کا پانچواں امیر شخص قرار دیا گیا ہے اور ان کی دولت 74ارب 50 کروڑ ڈالر بتائی گئی ہے۔گوگل کے شریک بانی لیری پیج اس فہرست میں ساتویں اور ان کے پارٹنر سرگی برن 8ویں نمبر پر ہیں۔دنیا کے 10 امیر ترین افراد میں 8امریکی اور 2 یورپی شخص ہیں۔دنیا کے امیر ترین 10افراد میں ایک خاتون بھی شامل ہیں، 56سالہ امریکی خاتون جولیا مارگریٹ فلیشر دنیا کی 10 ویں امیر ترین شخصیت اور دنیا کی سب سے امیر ترین خاتون قرار پائی ہیں۔چینی کمپنی علی بابا کے بانی جیک ما دنیا کے 19 ویں امیر ترین شخص قرار پائے ہیں جبکہ بھارت کے مکیش امبانی دنیا کے 14ویں امیر ترین شخص قرار پائے ہیں۔دنیا کے 100امیر ترین افراد کی اس فہرست میں 4بھارتی افراد کے نام شامل ہیں جبکہ مشرق وسطی میں سے صرف سعودی عرب کے واحد شہزادہ الولید بن طلال اس فہرست میں جگہ بنانے میں کامیاب ہوئے ہیں۔سعودی عرب کے الولید بل طلال دنیا کے 100 ارب پتی افراد میں 98ویں نمبر پر ہیں۔

بلوم برگ/رپورٹ

مزید : علاقائی