سعودی عرب،گاڑیوں کے خفیہ خانوں میں انسانی سمگلنگ کی کوشش ناکام

  سعودی عرب،گاڑیوں کے خفیہ خانوں میں انسانی سمگلنگ کی کوشش ناکام

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


ریاض(آئی این پی)سعودی محکمہ کسٹم کے اہلکاروں نے گاڑیوں کے خفیہ خانوں میں لوگوں کو چھپا کر دراندازی کی کوشش ناکام بنادی ہے۔عاجل ویب سائٹ کے مطابق محکمہ کسٹم نے ٹوئٹر پر اپنے اکاؤنٹ میں تصاویر جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ گزشتہ ایک ہفتہ کے دوران انسانی سمگلنگ کی تین کوششیں ناکام بنادی گئی ہیں۔محکمہ نے کہا ہے کہ تینوں واقعات الگ الگ اوقات میں ہوئے۔ سمگلروں نے بری سرحدی چوکی البطحا اور الخفجی سے مملکت آنے کی کوشش کی تھی۔محکمے نے بتایا ہے کہ گاڑی کی تلاشی کے دوران معلوم ہوا کہ اس میں خفیہ خانے بنے ہوئے ہیں جہاں غیر قانونی افراد کو مملکت لانے کی کوشش کی جارہی ہے۔محکمہ کا کہنا ہے کہ جن لوگوں کو گرفتار کیا گیا ہے ان کے ریکارڈ کا جائزہ لینے پر معلوم ہوا کہ وہ مختلف سیکیورٹی اداروں کو مطلوب ہیں۔محکمے نے شہریوں اور مقیم غیر ملکیوں سے اپیل کی ہے کہ ملک میں جہاں کہیں بھی غیر قانونی افراد کی موجودگی کا علم ہو تو ان کے متعلق سرکاری اداروں کو مطلع کیا جائے۔

مزید :

علاقائی -