جنگلی خرگوش کھانے سے چین میں دو افراد ”سیاہ طاعون“ میں مبتلا ہو گئے

جنگلی خرگوش کھانے سے چین میں دو افراد ”سیاہ طاعون“ میں مبتلا ہو گئے

  



بیجنگ(مانیٹرنگ ڈیسک)جنگلی خرگوش کھانے سے چین میں دو افراد 700سال پرانی خوفناک بیماری میں مبتلا ہو گئے۔ ڈیلی سٹار کے مطابق یہ بیماری ’سیاہ طاعون‘ ہے جو آج سے 700سال قبل دنیا میں آئی تھی اور 20کروڑ لوگ اس کا شکار ہو کر لقمہ اجل بن گئے تھے۔ اس بیماری کو ’سیاہ موت‘ کا نام بھی دیا جاتا ہے۔اس بیماری نے 1346ء سے 1353تک یورپ اور ایشیاء کے ممالک کو اپنی لپیٹ میں لیے رکھا۔ اب دوبارہ یہ چین میں نمودار ہو گئی ہے، جہاں اب تک دو مریضوں میں اس کی تصدیق ہو چکی ہے اور بتایا گیا ہے کہ انہیں جنگلی خرگوش کھانے سے یہ بیماری لاحق ہوئی۔ چینی نیوز ایجنسی ژن ہوا کی رپورٹ کے مطابق ان دونوں مریضوں کا تعلق چین کے علاقے ’منگولیا‘ سے ہے اور مقامی حکام کا کہنا ہے کہ ان دونوں مریضوں نے جنگلی خرگوشوں کا شکار کیا اور انہیں کھایا تھا۔ اس کے ایک ہفتے بعد ان کی حالت بگڑ گئی۔ بیجنگ میونسپل ہیلتھ کمیشن کا کہنا ہے کہ ایک مریض کی حالت اس وقت مستحکم ہے جبکہ دوسرا تاحال تشویشناک حالت میں ہے۔ ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ یہ بیماری مریض کے پھیپھڑوں پر حملہ کرتی ہے اور مریض کی سانس سے متاثر ہوا، اس کے استعمال شدہ کپڑوں اور دیگر اشیاء کے ذریعے دیگر لوگوں تک پھیل سکتی ہے۔ اگر اس کی بروقت تشخیص نہ ہو تو موت 100فیصد یقینی ہوتی ہے۔

مزید : علاقائی