پاکستان میں ماہی گیری،لائیو سٹاک میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع ہیں:عارف علوی

پاکستان میں ماہی گیری،لائیو سٹاک میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع ہیں:عارف علوی

  



کوئٹہ (آئی این پی)صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ غیر ملکی سرمایہ کار اور صنعت کار پاکستان میں سرمایہ کاری کے حوالے سے مثبت اور دوستانہ رویہ رکھتے ہیں،دنیا پاکستان کو سرمایہ کاری کے لئے خوبصورت ملک کے طور پر دیکھ رہی ہے،پاکستان میں ماہی گیری اور لائیو سٹاک شعبے میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع ہیں جہاں جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کی بھی ضرورت ہے۔ پیر کو یونیورسٹی آف بلوچستان میں لائیو سٹاک ایکسپو کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدر عارف علوی نے کہا کہ انسانی زندگی سے لائیو سٹاک کا گہرا تعلق ہے جبکہ ہمارے آخری نبی ؐ اور انبیاء کرام بھی بکریاں چراتے تھے۔ انہوں نے مزید کہا کہ لائیو سٹاک کی دودھ اور گوشت کے حوالے سے معاشرے میں بڑی ا ہمیت ہے جبکہ لائیو سٹاک کی ترقی کے لئے بہتر غذائیت کا ہونا ضروری ہے اور ہم لائیو سٹاک  کے شعبے کو فروغ دیکر برآمدات کو بھی بڑھا سکتے ہیں۔ صدر نے اپنے خطاب میں مزید کہا کہ پاکستان میں ماہی گیری کی صنعت میں جدید رجحانات اور مشینری کے استعمال کی ضرورت ہے جبکہ ماہی گیری کے شعبے میں دنیا میں بہت ترقی ہوچکی ہے۔ بلوچستان میں ماہی گیری کی صنعت کے فروغ کے  وسیع امکانات ہیں جبکہ ہمیں ماہی گیروں کو جدید تربیت دینے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ دورہ جاپان میں کئی غیر ملکی سرمایہ کاروں اور اداروں کے سربراہان سے ملاقات ہوئی تھی جہاں پر جاپانی سرمایہ کاروں اور صنعت کاروں کا پاکستان کے حوالے سے مثبت اور دوستانہ رویہ دیکھنے کو ملا جبکہ دنیا پاکستان کو سرمایہ کاری کے لئے خوبصورت ملک کے طور پر دیکھ رہی ہے۔

عارف علوی 

مزید : صفحہ آخر