نواز شریف کو ایک بار بیرون ملک جانے کی اجازت،آج دن ساڑھے دس بجے لندن روانہ ہونگے،کارکن جلد صحت یابی کی دعا کریں:شہباز شریف
لاہور، اسلام آباد(جنرل رپورٹر،نیوزایجنسیاں)وزارت داخلہ نے سابق وزیر اعظم اور مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف کو ایک بار علاج کی غرض سے بیرون ملک جانے کی اجازت دے دی۔ پیر کووزارت داخلہ کی جانب سے جاری میمورنڈم(اجازت نامہ) میں کہا گیا کہ عبوری انتظام کے ذریعے یہ فیصلہ کیا گیا ہے کہ نواز شریف کو علاج کی غرض سے چار ہفتے کیلئے ایک بار بیرون ملک جانے کی اجازت دی جائے۔وزارت داخلہ نے کہا کہ یہ فیصلہ لاہور ہائی کورٹ کے 16 نومبر کے حکم کی روشنی میں کیا گیا ہے جہاں نواز شریف اور ان کے بھائی شہباز شریف نے حلف نامے جمع کرائے تھے۔دوسری جانب لاہور ہائیکورٹ کے حکم کو 2 روز گزر گئے، سابق وزیر اعظم نواز شریف کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ سے نہ نکالا جا سکا، امیگریشن حکام کے ذرائع کے مطابق عدالت کا تحریری حکم دکھا کر ملک سے باہر جا سکتے ہیں۔ترجمان مسلم لیگ (ن)مریم اورنگزیب نے سابق وزیر اعظم نواز شریف کی روانگی کے بارے میں بتایا کہ نواز شریف کل بیرون ملک علاج کے لیے روانہ ہوں گے، حکومتی کلیئرنس ملنے کے بعد قطر ایئر ایمبولینس نواز شریف کو لے جانے کیلئے (آج)منگل کی صبح 8 بجکر 45 منٹ پر لاہور ایئرپورٹ پہنچے گی۔ذرائع کے مطابق وزارت داخلہ نے سول ایوی ایشن انتظامیہ کو ایئر ایمبولینس کی اطلاع دے دی۔ذرائع نے کہا کہ نواز شریف گاڑی کے ذریعے ایئرپورٹ جائیں گے جہاں سے ایئر ایمبولینس انہیں ساڑھے 10 بجے لے کر واپس روانہ ہوگی۔مریم اورنگزیب کا کہنا ہے نواز شریف عوام کی دعاؤں کے سائے میں لندن جائیں گے، حکومت نواز شریف سے حسد کی بجائے عوام کی خدمت پر توجہ دے، حکومتی وزراء عدالتی فیصلے کی غلط تشریح کر کے ڈھٹائی کا مظاہرہ کر رہے ہیں۔ سابق وزیراعظم کو سفر کے قابل بنانے کیلئے ادویات میں ردوبدل کی گی ہیں۔لاہور ایئرپورٹ نے ایئر ایمبولینس کی آمد کے پیش نظر سیکیورٹی سمیت دیگر انتظامات مکمل کر لیے ہیں۔علاوہ ازیں صدرمسلم لیگ (ن)،قائد حزب اختلاف شہبازشریف نے قوم اور کارکنان سے اپیل اورپیغام میں کہاہے کہ میاں نوازشریف نے پاکستان کی دل سے خدمت اور عوام سے محبت کی ہے، آج انہیں آپ کی دعاوں کی ضرورت ہے،آپ کی دعاوں سے محمد نوازشریف جلد روبصحت ہوں گے، انشااللہ،نوازشریف صحتمند ہوکر واپس لوٹیں گے، قوم اور کارکنان ان کا شاندار استقبال کریں گے۔
نوازشریف