مسلم لیگ (ن) کا مہنگائی اور معاشی صورتحال کیخلاف ملک گیر سیاسی سرگرمیاں تیز کرنے کا فیصلہ

مسلم لیگ (ن) کا مہنگائی اور معاشی صورتحال کیخلاف ملک گیر سیاسی سرگرمیاں تیز ...

  



لاہور(جنرل رپورٹر)پاکستان مسلم لیگ (ن) نے ملک بھر میں پارٹی کی تنظیم نو،مہنگائی،معاشی صورتحال کے خلاف ملک گیر سیاسی سرگرمیاں تیز کرنے اورکنونشنز کے انعقاد کا فیصلہ کرلیا۔تفصیلات کے مطابق میاں شہبازشریف کے زیرصدارت پارٹی کی سینئر قیاد ت کا اہم اجلاس ماڈل ٹاؤن میں منعقد ہوا جس میں راجہ ظفر الحق، رانا تنویر، سابق وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال، مریم اورنگزیب اور سابق سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق سمیت دیگر نے شرکت کی۔اجلاس میں محمد نوازشریف کے حق میں عدالتی فیصلے پر اللہ تعالی کا شکر بجالاتے ہوئے کہاگیا کہ قوم، مخلص کارکنان اور انصاف کے حصول کی جدوجہد میں ساتھ دینے والے تمام افراد وشخصیات کا شکریہ ادا کرتے ہیں،شرکاء نے قوم اور کارکنان کے جذبے اور قائد محمد نوازشریف کی صحت سے متعلق فکر مندی کے احساس کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے اسے محمد نوازشریف کے ساتھ ان کی والہانہ وابستگی اور محبت کا بین ثبوت قرار دیا۔ اجلاس میں اپوزیشن اور حکومت کی ان اتحادی جماعتوں اور ان کے قائدین کا بھی شکریہ ادا کیاگیا جنہوں نے محمد نوازشریف کے لئے اپنی فکرمندی اور ان کے بیرون ملک علاج کے جائز، قانونی اور انسانی مسئلے کی حمایت میں بیانات دئیے۔اجلاس نے وکلاء کی ٹیم اور پارٹی کے وکلا ء ونگ کا بھی خاص طور پر شکریہ ادا کیا اور ان کے جذبے، لگن اور پیشہ ورانہ مہارت کی تعریف کی۔ اجلاس نے سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی، رانا ثنااللہ، خواجہ سعد رفیق، خواجہ سلمان رفیق، حمزہ شہباز، مفتاح اسماعیل اور کامران مائیکل سمیت تمام سیاسی قیدیوں کی قربانی اور جرات کو خراج تحسین پیش کیا اور امید ظاہر کی کہ عدلیہ سیاسی انتقام کا نشانہ بننے اور قوم کی خدمت کرنے والے بہادر سیاسی اسیران کے معاملے میں بھی عدل و انصاف کے تقاضے پورے کرے گی۔ اجلاس میں محمد نوازشریف کو ملک و قوم کے لئے تاریخی قربانیوں اور خدمات پر زبردست خراج تحسین پیش کیاگیا۔۔ اجلاس نے محمد نوازشریف کی صحت کاملہ کیلئے خصوصی دعا کی اور کہاکہ آج پاکستان کو محمد نوازشریف کی سب سے زیادہ ضرورت ہے۔ ہماری دعا ہے کہ قائد محمد نوازشریف مکمل صحت مند ہوکر واپس آئیں اور ملک کو بحرانوں سے نکالنے میں پھر سے اپنا کردارادا کریں۔اس موقع پر پارٹی صدر اور قائد حزب اختلاف شہبازشریف نے محمد نوازشریف کی صحت کی موجودہ صورتحال اور بیرون ملک علاج کے لئے منتقلی کے انتظامات پر تفصیلات سے پارٹی رہنماوں کو آگاہ کیا۔ انہوں نے پارٹی کو آگاہ کیاکہ محمد نوازشریف منگل کے روز بیرون ملک علاج کے لئے روانہ ہوں گے۔ اجلاس میں شہبازشریف نے جماعتی تنظیم سازی اور مہنگائی اور معاشی بدحالی کے خلاف ملک بھر میں سیاسی سرگرمیاں تیز کرنے کے لئے پارٹی رہنماوں کو ہدایات دیں۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ملک بھر میں کنونشنزمنعقد کیے جائیں گے۔شہباز شریف نے پارٹی کے مخلص، وفادار، نظریاتی اور محنتی کارکنان کی خصوصی حوصلہ افزائی اور ان کو تنظیم میں نمایاں کردار دینے کے لئے بھی رہنمائی دی۔ اجلاس میں اس عزم کا اعادہ کیاگیا کہ قوم کی توقعات اور امیدوں پر پورا اتریں گے اور انہیں بجلی، گیس، اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں ظالمانہ اضافے سے پیدا ہونے والی صورتحال، بیروزگاری، مہنگائی سمیت دیگر مصائب ومشکلات سے نکالنے کے لئے ہر حد تک جائیں گے۔ علاوی ازیں پارٹی اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ مسلم لیگ ن کے صدر اور قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر کی واپسی سابق وزیراعظم میاں محمد نواز شریف کی صحت کو دیکھتے ہوئے ہو گی۔ اجلاس کے دوران فیصلہ کیا گیا کہ پارٹی کو اجتماعی قیادت کے تحت چلایا جائے گا جبکہ پارلیمانی ایڈوائزری گروپ پارٹی کے پارلیمانی اور تنظیمی امور دیکھے گا۔ذرائع کے مطابق پارلیمانی ایڈوائزری گروپ فیصلے کرنے کا مجاز ہوگا، پارٹی قیادت کو آئندہ سال انتخابی ماحول بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔ 

مسلم لیگ(ن)

مزید : صفحہ اول