جے یو آئی کیساتھ ڈیل کی خبریں پی ٹی آئی خود پھیلا رہی ہے،غفور حیدری

  جے یو آئی کیساتھ ڈیل کی خبریں پی ٹی آئی خود پھیلا رہی ہے،غفور حیدری

  



لاہور(شہزاد ملک) جے یو آئی (ف) کے مرکزی رہنما مولانا عبد الغفور حیدری نے کہا ہے کہ جے یو آئی اپنی احتجاجی تحریک کی حکمت عملی کے پلان بی کے تحت ہی ملک بھر میں احتجاج کررہی ہے جے یو آئی کی حکومت کے ساتھ مبینہ ڈیل کی خبریں پی ٹی آئی خود پھیلا رہی ہے ہم اپنے مطالبات پر قائم ہیں اور مطالبات پورے ہونے تک اپنے پر امن احتجاج کے سلسلے کو جاری رکھیں گے۔”روز نامہ پاکستان“ کے ساتھ خصوصی گفتگو کرتے ہوئے انکا کہنا تھا کہ جے یو آئی کی حکومت کے ساتھ ڈیل کی خبروں کا تاثر پی ٹی آئی کا سوشل میڈیا پھیلا رہا ہے ہم نے جو احتجاج کی حکمت عملی بنائی تھی اس کے مطابق ہی اپنا احتجاج کررہے ہیں جتنے دنوں کے اسلام آباد کے دھرنے کا پلان تھا وہ ہم نے دیا اب ہم نے اس سلسلے کو حکومت کی جانب سے ہمارے ساتھ حکومتی کمیٹی کے مذاکرت کی آنیاں جانیاں دیکھ کر ہم نے اس کو ملک بھر میں بڑھا دیا ہے اگر کسی کا یہ خیال ہے کہ ہم اپنے مطالبات سے دستبردار ہو جائیں گے تو یہ اس کی خام خیالی ہے ہمارا پلان بی اس وقت کامیابی کے ساتھ جاری ہے ہم اپنے پر امن احتجاج سے حکومت کو گھٹنے ٹیکنے پر مجبور کردیں گے لیکن اس دوران ہمارا کوئی بھی کارکن پہلے کی طرح قانون کو ہاتھ میں نہیں لے گا۔انہوں نے کہا کہ اس کے ساتھ ساتھ ہم اپنی شوری کے ارکان سے احتجاج کے دائرہ کار کو بڑھانے کے حوالے سے مزید تجاویز بھی لے رہے ہیں جو بھی صوبائی صدور کی جانب سے رائے آئے گی اس کے مطابق ہم اگلی حکمت عملی کا بھی اعلان کریں گے لیکن قبل از وقت ہم آپکو اپنے پلان کے بارے میں نہیں بتائیں گے اتنا ضرور کہنا چاہتا ہوں کہ جب تک ہمارے مطالبات تسلیم نہ کئے گئے تو ہماری احتجاجی تحریک اب نہیں رکنے والی ہم حکومت کو ہمارے مطالبات منظور کرنے پر مجبور کردیں گے اس کے لئے ہمیں احتجاج کے دائرہ کار کو جتنا بھی بڑھانا پڑا بڑھائیں گے۔   

 عبد الغفور حیدری

مزید : صفحہ اول