سبزیوں کی قیمتیں آسمان پر،گرانفروشی جاری،ایرانی ٹماٹر بھی نرخ کنٹرول نہ کرسکا

سبزیوں کی قیمتیں آسمان پر،گرانفروشی جاری،ایرانی ٹماٹر بھی نرخ کنٹرول نہ ...

  



اسلام آباد،کوئٹہ (سٹاف رپورٹر، نیوز ایجنسیاں)وفاقی حکومت نے سبزیوں پھلوں کی آسمان کو چھوتی قیمتوں کو کنٹرول کرنے،ناجائز منافع خوری کے سدباب کیلئے ہفتہ وار بازارو ں میں ریٹ لسٹ پر عملدرآمد کا فیصلہ کرلیا۔ایران سے درآمد کے باوجود بھی ملک میں ٹماٹر کی قیمتیں کم نہ ہوسکیں اور مختلف شہروں میں فی کلو ٹماٹر 320 روپے سے بھی زائد پر فروخت ہورہا ہے۔ ایران سے ٹماٹروں کی بھاری کھیپ لیکر 4 ٹریلر کوئٹہ اور 9 ٹریلر پاک ایران سرحدی شہر تفتان پہنچ گئے جبکہ تفتان پہنچنے والے 9 ٹریلر بھی ایک دو روز میں کوئٹہ پہنچ جائیں گے۔حکومت نے ٹماٹر کی قیمتوں پر قابو پانے کیلئے 4 ہزار 500 میٹرک ٹن ٹماٹر درآمدکرنے کا پرمٹ جاری کیا تھا۔کسٹم حکام کے مطابق ایران سے آنیوالے ٹریلرز میں مجموعی طور پر 4 ہزار 500 میٹرک ٹن ٹماٹر لدا ہوا ہے، ایرانی ٹماٹر کوئٹہ سے تعلق رکھنے والی 7 نجی کاروباری کمپنیوں نے درآمد کیے ہیں۔ایران سے ٹماٹر پاکستان پہنچنا شروع تو ہوگیا ہے لیکن اس کی قیمت کو استحکام نہیں مل سکا، کراچی میں ٹماٹر 280 روپے سے لے کر 300 روپے سے زائد کی فی کلو قیمت میں فروخت ہورہا ہے۔خریداروں کا کہنا ہے اس قیمت پر ٹماٹر کی خریداری سب کے بس کی بات نہیں، اسلئے وہ پاکستانی کچا ٹماٹر خرید رہے ہیں۔ جس کی قیمت 120روپے کلو ہے۔واضح رہے ملک میں ٹماٹر کے بحران کے باعث اس کی قیمت 300 روپے فی کلو تک پہنچ گئی ہے جس کے بعد خیال تھا ایران سے ٹماٹر درآمد کرنے سے پاکستان میں ٹماٹر کی قیمت میں خاطرخواہ کمی ہوگی تاہم  ایساہوتا نظر نہیں آیا۔

مزید : صفحہ اول