ابرار الحق کی بطور چیئرمین ہلال احمر تعیناتی کا نوٹیفکیشن معطل،فریقین کو نوٹسز

  ابرار الحق کی بطور چیئرمین ہلال احمر تعیناتی کا نوٹیفکیشن معطل،فریقین کو ...

  



اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) اسلام آباد ہائی کورٹ نے ابرار الحق کی ریڈ کریسنٹ سوسائٹی کے چیئرمین کی حیثیت سے تعیناتی پر حکم امتناع جاری کر دیا، ابرار الحق سمیت دیگر فریقین کو نوٹسز جاری کر دیئے گئے۔ اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس اطہر من اللہ نے ابرارالحق کی بطور ریڈ کریسنٹ سوسائٹی تعیناتی کے خلاف درخواست پر سماعت کی۔ اٹارنی جنرل انور منصور بغیر نوٹس عدالت میں پیش ہوئے، جس پر چیف جسٹس اطہر من اللہ نے ریمارکس دئیے کہ ابھی تو نوٹس بھی نہیں ہوئے اور اٹارنی جنرل موجود ہیں۔عدالتی استفسار پر درخواست گزار سعید الٰہی کے وکیل نے بتایا کہ مینیجنگ باڈی نے تعیناتی کے حوالے سے قواعد بنائے ہیں جس کے مطابق چیئرمین کا تقرر تین سال کیلئے ہوگا۔ چیف جسٹس اطہرمن اللہ نے استفسار کیا چیئرمین کو ہٹانے کا طریقہ کہاں لکھا ہے؟ درخواست گزار کے وکیل نے بتایا کہ قواعد میں چیئرمین کو ہٹانے کا کوئی طریقہ موجود نہیں۔چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ نے اٹارنی جنرل سے مکالمے کے دوران کہا کہ قواعد کے تحت چیئرمین ریڈ کریسنٹ سوسائٹی کو برطرف نہیں کیا جاسکتا، اٹارنی جنرل نے جواب دیا کہ ایگزیکٹو کے پاس اختیار ہے کہ کسی وقت بھی چیئرمین کو برطرف کر دے، چیئرمین کی برطرفی کا نوٹیفکیشن چیلنج نہیں کیا گیا، چیئرمین کے خلاف کوئی الزام نہیں اس لیے ان کو کوئی نوٹس نہیں کیا گیا۔چیف جسٹس اطہر من اللہ نے ریمارکس دئیے کہ قانون میں موجود رول کے ہوتے ہوئے حکومت کیسے پہلے چیئرمین کو ہٹا سکتی ہے، عدالت نے ابرار الحق کی بطور چیئرمین ہلال احمر تعیناتی کا حکم آئندہ سماعت تک معطل کرتے ہوئے اٹارنی جنرل، اسٹیبلشمنٹ ڈویڑن، ابرارالحق و دیگر کو نوٹس جاری کر دیا، عدالت نے فریقین سے جواب بھی طلب کیا ہے۔

ریڈ کریسنٹ

مزید : صفحہ اول