اجلاس میں عدم شرکت پر سیکرٹری داخلہ نے چیئر مین سینیٹ سے معافی مانگ لی 

اجلاس میں عدم شرکت پر سیکرٹری داخلہ نے چیئر مین سینیٹ سے معافی مانگ لی 

  



 اسلام آباد (این این آئی)سیکرٹری داخلہ نے وزارت داخلہ کے افسران کی سینیٹ کی کمیٹیوں اور ایوان کے اجلاس میں عدم شرکت پر چیئرمین سینیٹ سے تحریری طور پر معافی مانگ لی۔ سیکرٹری داخلہ کی جانب سے سیکرٹری سینیٹ کو لکھے گئے خط میں مستقبل میں اس قسم کی کوتاہی کے نہ ہونے کی یقینی دہانی کرائی گئی۔8 نومبر کو سینیٹ کے امور سے متعلق ذیلی ادارے سی ڈی اے کے ممبر اسٹیٹ خوشحال خان کی ڈیوٹی لگائی گئی تھی۔ سیکرٹری داخلہ نے کہاکہ عدم شرکت پر ممبر اسٹیٹ خوشحال خان سے وزارت داخلہ کی جانب سے تحریری جواب طلبی کی گئی۔ سیکرٹری داخلہ نے کہاکہ ممبر اسٹیٹ خوشحال خان نے بتایا کہ وہ اپنے خاندان میں شادی کے سلسلے میں 8 یوم کی رخصت پر تھے۔ سیکرٹری داخلہ نے کہاکہ ممبر اسٹیٹ کے متبادل کے طور پر سی ڈی اے کے ڈائریکٹر جنرل قانون ریاض احمد رندھاوا نے کسی افسر کی ڈیوٹی نہیں لگائی۔ خط میں وضاحت کی گئی کہ جس کے نتیجے میں یہ صورتحال پیدا ہوئی۔ سیکرٹری داخلہ نے کہاکہ چیئرمین سی ڈی اے کو متعلقہ افسران کے خلاف کارروائی کی ہدایت کی گئی ہے۔ سیکرٹری داخلہ نے کہاکہ پارلیمانی امور وزارت داخلہ کی اولین ترجیح ہیں،دونوں ایوانوں، سینیٹ اور قومی اسمبلی کی وزارت داخلہ کے نزدیک انتہائی تعظیم ہے۔ سیکرٹری داخلہ نے یقین دہانی کرائی کہ آئندہ اس قسم کی کوتاہی نہیں ہوگی، اس کوتاہی کو معاف فرمایا جائے۔ 

 معافی مانگ لی

مزید : پشاورصفحہ آخر