الحمرا کلچرل کمپلیکس ادبی و ثقافتی ادارہ کی حیثیت رکھتا ہے،اطہر علی خان

  الحمرا کلچرل کمپلیکس ادبی و ثقافتی ادارہ کی حیثیت رکھتا ہے،اطہر علی خان

  



لاہور(فلم رپورٹر)ایگزیکٹوڈائریکٹر لاہور آرٹس کونسل الحمرا اطہر علی خان نے کہا ہے کہ الحمرا کلچرل کمپلیکس،لاہور آرٹس کونسل کے ذیلی کمپلیکس ہونے کے ناطے ایک اہم ادبی و ثقافتی ادارہ کی حیثیت رکھتا ہے،اس پلیٹ فارم سے عوام کے لئے معیاری اور سماجی اقدار کے مطابق زیادہ سے زیادہ پروگرام پیش کرنے کے اقدامات کئے جائیں، نوجوان مصوروں کو زیادہ سے زیادہ موقع کی فراہمی کیلئے نمائشوں کا بلاتعطل انعقادیقینی بنایا جائے،ثقافتی سرگرمیوں میں اضافہ کیا جائے۔ان خیالات کا اظہار انھوں نے الحمرا کلچرل کمپلیکس میں ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ ایگزیکٹو ڈائریکٹر الحمرا اطہر علی خان نے الحمرا کلچرل کمپلیکس میں فنون لطیفہ کے مختلف شعبوں کی کلاسز کا بھی دورہ کیا،کلاسز میں نوجوانوں کی تعداد بڑھانے کے اقدامات کرنے اور اساتذہ و طلبہ و طالبات اپنی حاضری یقینی بنانے کے احکامات جاری کئے۔ اس موقع پر انھوں نے کہا کہ زیر تربیت طلبہ و طالبات کے لئے اپنے اپنے شعبوں میں عملی صلاحیتوں کے اظہار کے باقاعدہ پروگرام ترتیب دئیے جائیں۔الحمرا کلچرل کمپلیکس میں ثقافتی پروگرامز کی تعداد بڑھانے کے لئے تما م کالجز،یونیورسٹیوں کو باقاعدہ مدعو کیا جائے۔اجلاس میں ڈائریکٹر آرٹس اینڈ کلچرذوالفقار علی زلفی،ڈپٹی ڈائریکٹر کلچرل کمپلیکس نوید الحسن بخاری،کیوریٹر الحمرا میوزیم ہاجرہ محمود، سٹیج منیجرودیگر افسران نے شرکت کی۔

مزید : کلچر