ضلع خیبر کے قبائلی مشران کی ڈپٹی کمشنر سے ملاقات

  ضلع خیبر کے قبائلی مشران کی ڈپٹی کمشنر سے ملاقات

  



پشاور(سٹاف رپورٹر)ضلع خیبر کے مشران،ملک صاحبان،لیز ہولڈرز،کرش مشین اور ماربل فیکٹریز مالکان پر مشتمل ایک جرگہ پیر کے روز ڈپٹی کمشنر کے دفتر میں منعقد ہوا۔جرگہ ممبران نے صوبائی حکومت کی طرف سے مائنز اور منرل کے لیز وغیرہ کے لئے جداگانہ پالیسی اپنانے کے اقدام کو شاندار الفاظ میں خراج تحسین پیش کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ صوبائی حکومت آئندہ بھی اس طرح کے اقدامات کرتے ہوئے علاقے کی پسماندگی کو دور کرنے اور قبائلی اضلاع کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کے لئے کوششیں جاری رکھے گی۔جرگہ ممبران نے صوبائی حکومت کے ساتھ بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ حکومت ضلع خیبر میں مائنز اور منرل کی صنعت کو ترقی دینے اور اسے جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کے لئے انفراسٹرکچر کی بہتری،رابطہ سڑکوں کی تعمیر، رائلٹی کی رقم ضلع کی ترقی پر خرچ کرنے کے لیے اقدامات کرے۔جرگہ ممبران کے مطالبات کو جائز قرار دیتے ہوئے ڈی سی خیبر محمود اسلم نے یقین دلایا کہ وہ یہ معاملہ صوبائی حکومت کے ساتھ اٹھائیں گے اور اُن کے حل کے لیے اپنی تمام تر کوششیں بروئے کار لائیں گے۔

مزید : پشاورصفحہ آخر