قانون سازی کیلئے حکومت،اپوزیشن میں کچھ معاملات طے پا چکے،اسد عمر
اسلام آباد (سٹاف رپورٹر، نیوز ایجنسیاں) تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی و سابق وزیر خزانہ اسد عمر نے کہاہے قانون کرایہ داری اسلام آباد کی تاجر برادری کا دیرینہ مسئلہ ہے جس کو ابھی تک حل نہیں کیا گیا تاہم امید ہے قانون کرایہ داری کا ترمیمی بل عنقریب قومی اسمبلی سے پاس کرایا جائے گا تا کہ تاجروں کا یہ اہم مسئلہ حل ہوسکے۔گزشتہ روز اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے دور ہ کے موقع پر تاجر برا د ری سے خطاب میں انکامزید کہنا تھا گذشتہ حکومت میں پی ٹی آئی نے قانون کرایہ داری کا بل پیش کیا مگر منظور نہ کراسکی تھی۔ قانون سازی کیلئے اب حکومت اور اپوزیشن کے درمیان کچھ معاملات طے پا گئے ہیں جن کے مطابق قانون سازی کے بلوں کے بارے میں پیشگی اتفا ق رائے کی کوشش کی جائیگی اور متفقہ بلوں کو پارلیمنٹ سے پاس کرانے میں آسانی ہو گی۔ وہ جلد وزیراعظم کے معاون خصوصی سی ڈی اے امور علی نواز اعوان سے میٹنگ کر کے تاجروں کے سی ڈی اے سے متعلقہ مسائل حل کرانے کی کوشش کریں گے۔اس موقع پراسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی قیادت نے کہا گذشتہ کئی سال سے اسلام آباد کی مارکیٹوں میں کوئی ترقیاتی کام نہیں ہوا جس وجہ سے مار کیٹوں کی حالت کاروبار کیلئے سازگار نہیں رہی، حکومت مداخلت کرکے مارکیٹوں میں ترقیاتی کام شروع کرائے۔انہوں نے تاجر برادری کے اہم مسائل حل کرانے کیلئے مختلف تجاویز بھی دیں۔
اسد عمر