توانائی منصوبوں کی پلاننگ، مانیٹرنگ کاعمل مزید سخت کیا جائے، زبیر خان

توانائی منصوبوں کی پلاننگ، مانیٹرنگ کاعمل مزید سخت کیا جائے، زبیر خان

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

پشاور(سٹاف رپورٹر)سیکرٹری توانائی وبرقیات محمد زبیر خان نے کہا ہے کہ ترقیاتی منصوبوں میں بلاوجہ تاخیرناقابل برداشت ہے۔صوبے میں توانائی کے جاری منصوبوں کی پلاننگ اینڈمانیٹرنگ پر سختی کے ساتھ عملدرآمدکرتے ہوئے منصوبوں کی سست روی پر سخت ایکشن لیا جائے اورمنصوبوں کے پراجیکٹ ڈائریکٹرزکے ساتھ ورکنگ پلان ترتیب دے کر منصوبوں کے مقامات کے اچانک دورے کئے جائیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے محکمہ توانائی وبرقیات کے پلاننگ افسران کے ساتھ جائزہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں چیف پلاننگ آفیسرانجینئرذین اللہ شاہ سمیت محکمے کے پلاننگ افسران ملک لقمان،پیرایمل،عارف اللہ شاہ اوروقاص احمد نے بھی شرکت کی۔ اجلاس کے دوران سیکرٹری توانائی محمد زبیر خان نے پلاننگ افسران پر زوردیا کہ محکمہ توانائی کے ذیلی اداروں پیڈو،KPOGCLاورالیکٹرک انسپکٹریٹ میں جاری توانائی منصوبوں کی مانیٹرنگ اینڈڈیویلپمنٹ کے عمل کومزیدموثربناتے ہوئے متعلقہ منصوبوں کے پراجیکٹ ڈائریکٹرزاورمتعلقہ سٹاف کے ساتھ باقاعدہ طورپر KPIsیعنی کی پرفارمنس انڈیکیٹرزکاتعین کیا جائے اورمنصوبوں کی پیش رفت کے بارے میں ماہانہ بنیادوں پر پراگرس رپورٹ مرتب کی جائے۔ انہوں نے افسران کو ہدایت کی کہ ترقیاتی منصوبوں کی سخت مانیٹرنگ کرکے ورکنگ پلاننگ کے تحت منصوبوں کی تکمیل میں تاخیر کرنے والے عناصرکی نشاندہی کرتے ہوئے منصوبوں کے مقامات کے اچانک دورے کئے جائیں۔اجلاس میں سیکرٹری توانائی نے اس عزم کا اظہارکیا کہ محکمے میں جاری تمام ترقیاتی منصوبوں کو ٹیم ورک کے تحت بروقت مکمل کرنے کے لئے تمام افسران اپنی توانائی بروئے کارلائیں گے۔