ضلع بونیر کو گیس فراہمی،اے این پی نے صوبائی اسمبلی میں قرارداد جمع کرادی
پشاور(پ ر) ضلع بونیر کو گیس فراہمی کے حوالے سے قرارداد خیبرپختونخوا اسمبلی میں اے این پی کے پارلیمانی لیڈر سردار حسین بابک کی جانب سے جمع کرادیا گیا ہے،جمع کیے گئے قرارداد میں مرکزی حکومت کو کہا گیا ہے کہ ضلع بونیر خیبرپختونخوا کا زرخیز،سیاحت کیلئے موزوں اور قدرتی وسائل سے مالامال علاقہ ہے۔ضلع بونیر کے عوام لاکھوں کی تعداد میں باہر دنیا سے زرمبادلہ کما کر دیتے ہیں،تمباکو اس علاقے کا سب سے بڑا فصل ہے لیکن بدقسمتی سے اس دور جدید میں بھی ضلع بونیر گیس جیسی قدرتی نعمت سے محروم ہے۔قرارداد میں مزید کہا گیا ہے کہ اگر ضلع بونیر کو گیس مل جاتی ہے تو سالانہ حکومت کو لاکھوں پودے لگانے کی بچت ہوگی کیونکہ سالانہ لاکھوں کی تعداد میں درخت ضرورت زندگی کے تحت جلائے جاتے ہیں،قرارداد میں مزید کہا گیا ہے کہ سالانہ اس ضلعے سے اربوں روپے صوبائی اور وفاقی خزانے میں جمع ہورہے ہیں لیکن حکمرانوں کی عدم دلچسپی کیوجہ سے اب تک یہ ضلع گیس سے محروم ہے،قرارداد میں صوبائی اسمبلی کے ذریعے وفاقی حکومت سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ قدرتی گیس جو کہ خیبرپختونخوا کا پیداوار ہے،بونیر کو جلد از جلد جنگی بنیادوں پر گیس فراہم کرنے کے احکامات جاری کیے جائے اور ضلع کے عوام کے دیرینہ مطالبے اور ضرورت کو پورا کیا جائے۔