کیپ وفد کی وزیراعلیٰ پنجاب سے ملاقات‘ مسائل سے آگاہ کیا

 کیپ وفد کی وزیراعلیٰ پنجاب سے ملاقات‘ مسائل سے آگاہ کیا

  



لاہور(پ ر)کنسٹرکٹر ز ایسوسی ایشن آف پاکستان (کیپ)کے ایک وفد نے انجینئر ارشد داد کی قیادت میں سردار عثمان بزدار، وزیراعلیٰ پنجاب سے ملاقات کی جس میں وزیراعلیٰ پنجاب کو کنٹریکٹرز کو درپیش مسائل کے بارے میں بتایا گیا وفد میں انجینئر ارشد داد کے علاوہ زاہد الحسن قریشی، چوہدری خلیق احمد اعوان، عمران عباس اعوان اور چوہدری نعیم اختر شامل تھے وزیراعلیٰ پنجاب نے وفد کو یقین دلایا کہ وہ پنجاب کے کنٹریکٹرز کو درپیش مسائل جلد حل کروائیں گے۔  انجینئر ارشد داد نے سردار عثمان بزدار کو بتایا کہ حکومت کی اولین ترجیح ملک میں کنسٹرکشن انڈسٹری کی ترقی ہے اور اس ضمن میں وزیر اعظم پاکستان نے کنسٹرکشن کو انڈسٹری کا درجہ بھی دے دیا ہے انہوں نے کہا کہ کنسٹرکشن انڈسٹری کے چلنے سے ملک میں اس سے منسلک چالیس سے زائد انڈسٹریز چلتی ہیں انہوں نے مزید بتایا کہ کنسٹرکٹر ز ایسوسی ایشن آف پاکستان ملک بھر کے کنٹریکٹرز کی واحد نمائیدہ تنظیم ہے مگر کنسٹرکشن کے متعلق فیصلہ کرنے سے پہلے ایسوسی ایشن کو اعتماد میں نہیں لیا جاتاحالانکہ کنسٹر کشن کنٹریکٹرزسب سے زیادہ ٹیکس ادا کرتے ہیں اور زراعت کے بعد سب سے زیادہ روزگار فراہم کرتے ہیں، انجینئر ارشد داد نے وزیراعلیٰ کوبریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ میٹریل اور لیبر پر جو قیمت دی جاتی ہے وہ مارکیٹ سے بہت کم ہیں گورنمنٹ منصوبوں کے لئے انشورنس کمپنیوں کی گارنٹی قابل قبول ہونی چاہیے، تمام منصوبوں کے لئے فنڈنگ وقت پر ہونی چاہئے کیونکہ ٹکروں پر مبنی فنڈنگ منصوبوں میں رکاوٹ کا  باعث بنتی ہے، منصوبوں کے لئے جو سیکورٹی /پرفارمنس گارنٹی لی جاتی ہے منصوبے مکمل ہونے پر اس کی بروقت ادائیگی ہونی چاہیئے انہوں نے وزیراعلیٰ کومزید بتایا کہ پنجاب کے کنٹریکٹرز کو کرش کیرج سی ایس آر بنیاد پر ادا ئیگی نہیں کی جاتی۔

، ہر قسم کے کنسٹر کشن مٹیریل کی فراہمی میں سول انتظامیہ مدد فراہم کرے اورتمام منصوبے کے لئے ایک ہی فیس ہونی چاہیئے۔ سردار عثمان بزدار وزیراعلیٰ پنجاب نے وفد کو یقین دلایا کہ وہ پنجاب کے کنٹریکٹرز کو درپیش مسائل جلد حل کروائیں گے اور کنسٹر کشن  انڈسٹری کی بحالی کے لئے تمام کمیٹیوں میں ایسوسی ایشن کو نمائیدگی دے جائے گی اس ضمن میں انہوں نے متعلقہ محکموں کو ہدایات جاری کر دیں۔                                                                                                                              

مزید : کامرس