پاکستان امن کا خواہاں،بھارت خطے کے سکون کو تہہ و بالا کرنے کے درپے ہے:شاہ محمود قریشی

پاکستان امن کا خواہاں،بھارت خطے کے سکون کو تہہ و بالا کرنے کے درپے ہے:شاہ ...

  



اسلام آباد(آن لائن) وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان خطے میں امن کا خواہاں ہے مگر بھارت مقبوضہ جموں و کشمیر میں اپنے یکطرفہ غیر آئینی اقدامات کے ذریعے خطے کے امن کو تہہ و بالا کرنے کے درپے ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے بین الاقوامی میڈیا کے ساتھ ملاقاتوں کے سلسلے کا آغاز کرتے ہوئے کیا جو پاکستان کی خارجہ پالیسی کی ترجیحات اور اہم خارجہ پالیسی امور کو بین الاقوامی میڈیا پر اجاگر کرنے کیلئے ایک اہم اقدام ہے۔ وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کی طرف سے روابط کے فروغ کیلئے شروع کئے گئے سلسلے "ایف ایم کنکٹ" کی ایک کڑی ہے جس کے تحت وزیر خارجہ دانشوروں، سماجی رہنماؤں، تھنک ٹنکس، ماہرین تعلیم سمیت مختلف شعبوں سے متعلق اہم شخصیات کے ساتھ میٹنگز کریں گے تاکہ پاکستان کی خارجہ پالیسی ترجیحات کو موثر انداز میں اجاگر کیا جا سکے اور ایف ایم کنکٹ کے تحت ملاقاتوں کا یہ سلسلہ تواتر کے ساتھ جاری رہے گا۔پاکستان نے کرتارپور راہداری کی صورت میں دنیا کو واضح پیغام دیا ہے کہ ہم مذہبی  آزادی اور رواداری کے زریں اصولوں پر عمل پیرا ہیں۔ پاکستان، "افغان امن عمل" سمیت خطے میں قیام امن کے لئے اپنا مصالحتی کردار، خلوص نیت سے ادا کرتا رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ اسلاموفوبیا کی بڑھتی ہوئی لہر کو روکنے اور اسلام کے اصل تشخص کو اجاگر کرنے کیلئے پاکستان، ملائشیا اور ترکی جلد مشترکہ ٹی وی چینل کا  آغاز کرنے جا رہے ہیں۔وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے شرکاء کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ بین الاقوامی میڈیا کے ساتھ ملاقات کیلئے "کافی ٹائم" کے نام سے شروع کیا گیا یہ سلسلہ انشاء  اللہ جاری رہے گا۔ بین الاقوامی میڈیا کے نمائندگان نے اس نئے سلسلی"کافی ٹائم" کو سراہتے ہوئے،بین الاقوامی میڈیا کوخصوصی توجہ دینے پر وزیر خارجہ کا شکریہ ادا کیا۔

شاہ محمو دقریشی 

مزید : صفحہ اول