جئے سندھ قومی محاذ کے چیئرمین صنان قریشی کیخلاف مقدمہ درج

  جئے سندھ قومی محاذ کے چیئرمین صنان قریشی کیخلاف مقدمہ درج

  



کراچی(اسٹاف رپورٹر)کراچی میں سندھ پیغام ریلی کے دوران ملک، اداروں، حکومت اور شخصیات کے خلاف نعرے بازی، بغاوت، دہشت گردی اور سازش مجرمانہ کی دفعات کے تحت جئے سندھ قومی محاذ کے چیئرمین اور دیگر عہدیداروں کے خلاف اسٹیل ٹاون تھانے میں مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔انسداد دہشت گردی کی دفعہ سیون اے ٹی اے، 120 اے اور بی، 123 اے، 124 اے، 505، 34 ت پ کے تحت درج مقدمے میں پولیس افسر علی دوست بگٹی مدعی ہیں۔ایف آئی آر کے مطابق جئے سندھ قومی محاذ (بشیر خان قریشی گروپ)کے چیئرمین صنان قریشی، صدر ضلع ملیر ضمیر حاجانو، وائس چیئرمین الہی بخش اور دیگر نے گزشتہ روز کراچی میں پیغام سندھ ریلی کی کال دی تھی جس کے لیے سندھ بھر سے تنظیمی کارکن گلشن حدید پہنچے۔چیئرمین کی سربراہی میں دو سے ڈھائی ہزار کارکن جئے سندھ قومی محاذ کے جھنڈے لہراتے ہوئے، کچھ نہ دید اسٹیل ٹاؤن سے کاروں، موٹر سائیکلوں اور دیگر گاڑیوں پر سوار ہوکر نیشنل ہائی وے کے راستے کراچی پریس کلب کی جانب روانہ ہوئے۔ایف آئی آر کے مطابق ریلی کے شرکا ملک دشمنی کرتے ہوئے حکومت پاکستان، اداروں اور شخصیات کے خلاف سنگین نعرے بازی کر رہے تھے۔ایف آئی آر کے مطابق پارٹی چیئرمین اور دیگر عہدیدار اپنے بیان سے کارکنان کو فسادات، بغاوت اور دہشت گردی پھیلانے کے لیے اکسا رہے تھے۔ایف آئی آر کے مطابق جئے سندھ قومی محاذ کی ان ملک دشمن سرگرمیوں، نعرے بازی اور تقاریر کی ویڈیوز بھی مقدمے کا حصہ بنائی گئی ہیں۔پولیس کے مطابق ایف آئی آر اندراج کے بعد مزید تفتیش کے لیے اسٹیل ٹاؤن تھانے کے ایس ای او کے سپرد کردی گئی ہے۔پولیس کے مطابق اس سلسلے میں اب تک کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آئی ہے۔

مزید : صفحہ آخر