ٹیکس وصولی کے لئے مہم دسمبر میں شروع کی جائے گی،مکیش کمار چالہ

  ٹیکس وصولی کے لئے مہم دسمبر میں شروع کی جائے گی،مکیش کمار چالہ

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


کراچی(اسٹاف رپورٹر)محکمہ سندھ ایکسائز، ٹیکسیشن اور انسداد منشیات نے موٹر وہیکل ٹیکس کی نادہندگان گاڑیوں سے ٹیکس وصولی اور بقایاجات کی وصولی کے لئے دسمبر کے پہلے ہفتے سے ایک بھرپور روڈ چیکنگ مہم شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس کا فیصلہ پیرکویہاں اپنے دفتر میں صوبائی وزیر ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن اینڈ نارکوٹکس کنٹرول اور پارلیمانی امور مکیش کمار چالہ کی زیرصدارت ایک اجلاس میں کیا گیا۔ سیکریٹری ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن و انسداد منشیات عبد الحلیم شیخ، ڈائریکٹر جنرل شعیب احمد صدیقی، ڈائریکٹر ایڈمن عامر جمیل اور دیگر افسران بھی اجلاس میں شریک ہوئے.. اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے ڈائریکٹر جنرل ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن و انسداد منشیات شعیب احمد صدیقی نے بتایا کہ تمام ریجنل ڈائریکٹرز کو ہدایات جاری کر دی گئی ہیں کہ وہ اپنے ڈویژنوں کے تمام اضلاع میں مختلف مقامات پر ٹیکس نادہندہ گاڑیوں کی جانچ اور شناخت کے لئے ٹیموں کی تشکیل کریں۔ انہوں نے مزید کہا، 'مجوزہ روڈ چیکنگ مہم کے دوران، ٹیکس نادہندگی والی گاڑیوں اور مالکانہ (اوپن لیٹرز) پر چلنے والی گاڑیوں کے خلاف کارروائی کی جائے گی'۔ اجلاس میں مزید فیصلہ کیا گیا کہ ٹریفک پولیس سندھ کے تعاون سے روڈ چیکنگ مہم کا آغاز کیا جائے گا۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سندھ کے وزیر برائے ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن اینڈ نارکوٹکس کنٹرول اور پارلیمانی امور مکیش کمار چالہ نے ڈائریکٹر جنرل ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن و انسداد منشیات سے کہا کہ وہ اس مسئلے پر عام لوگوں کے لئے الیکٹرانک اور پرنٹ میڈیا کے ذریعہ بڑے پیمانے پر آگاہی مہم چلائیں۔ انہوں نے ٹیکس نادہندہ گاڑیوں کے مالکان کو بھی مشورہ دیا کہ وہ سڑکوں پر کسی بھی قسم کی ناخوشگوار صورتحال سے بچنے کے لئے روڈ چیکنگ مہم شروع کرنے سے پہلے اپنا بقایا ٹیکس جمع کریں۔

مزید :

صفحہ آخر -