ایکسائزپولیس نے افیون اسمگل کرنے کی کوشش ناکام بنادی
کراچی(اسٹاف رپورٹر)ایکسائز پولیس کشمور نے 40 کلو گرام افیون کراچی اسمگل کرنے کی کوشش ناکام بنادی اور دو ملزمان کو گرفتارکر کے واردات میں استعمال کیا جانے والا ٹرک بھی اپنے قبضے میں لے لیا۔ تفصیلات کے مطابق ایکسائز انسپکٹر شمس الدین چاچڑ نے اپنی ٹیم کے ہمراہ کارروائی کرتے ہوئے کشمور چیک پوسٹ نزد وردک پمپ پر ایک مشکوک ٹرک نمبر سی 1505 کی تلاشی کے دوران چالیس کلو گرام افیوم برامد کرکے دو ملزمان ظہیر خان اور ناصر خان کو گرفتار کر لیا۔ ملزمان کے خلاف قانون کے مطابق مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کردی گئی ہے۔ علاوہ ازیں صوبائی وزیر ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن و انسداد منشیات اور پارلیمانی امور مکیش کمار چالہ نے کامیاب کارروائی پر مبارکباد دیتے ہوئے سرحدی چیک پوسٹوں پر تعینات افسران اور عملے کو ہدایت دی ہے کہ وہ سندھ میں منشیات لانے کی تمام کوششوں کو ناکام بنادیں اور نوجوان نسل کو منشیات کے زہر سے محفوظ رکھیں۔