الطاف حسین نے بھارتی وزیراعظم مودی سے مدد مانگ لی

الطاف حسین نے بھارتی وزیراعظم مودی سے مدد مانگ لی
الطاف حسین نے بھارتی وزیراعظم مودی سے مدد مانگ لی

  



لندن (ویب ڈیسک) بانی متحدہ نے مودی سے بھارت میں پناہ اور مالی امداد کی درخواست کردی جبکہ وکلاء جائزہ لے رہے ہیں کہ کیا بانی متحدہ نے ایسی درخواست کر کے ضمانت کی شرط کی خلاف ورزی کی ہے؟۔

روزنامہ جنگ کے مطابق بانی متحدہ الطاف حسین نے لندن کی عدالت سے ضمانت کی شرائط میں نرمی کے بعد اپنی پہلی تقریر میں بھارت کے وزیراعظم نریندر مودی سے درخواست کی ہے کہ انھیں اور ان کے ساتھیوں کو بھارت میں پناہ اور مالی امداد دی جائے، کیونکہ ہمارے آبائو اجداد بھارت میں دفن ہیں اور میں ان کی قبروں پر جا کر فاتحہ خوانی کرنا چاہتا ہوں۔ آن لائن اپنی تقریر میں، جسے ہزاروں افراد نے دیکھا ہوگا، انھوں نے کہا کہ وہ بھارت جانا چاہتے ہیں، کیونکہ ان کےآبائو اجداد وہاں دفن ہیں۔ بانی متحدہ پر کرائون پراسیکیوشن سروسز (سی پی ایس) نے دہشت گردی کی دفعات کے تحت مقدمات قائم کئے تھے، جس کا آئندہ ٹرائل اگلے برس ہوگا۔ ان کا پاسپورٹ ضمانتی شرط کے طور پر برطانوی پولیس کے پاس رہے گا اور انہیں عدالت کی اجازت کے بغیر کسی سفری دستاویز کی درخواست دینے کی اجازت نہیں ہے۔

اخبار کے لیے مرتضیٰ علی شاہ نے مزید لکھا کہ وکلاء اس بات کا جائزہ لے رہے ہیں کہ کیا بانی متحدہ نے بھارتی وزیراعظم سے بھارت آنے کی اجازت طلب کر کے ضمانت کی شرط کی خلاف ورزی کی ہے یانہیں؟ انھوں نے نریندر مودی کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ 22اگست 2017 کے بعدکراچی میں ان کی املاک، ان کا مکان اور دفاتر ضبط کرلئے گئے ہیں۔ بانی متحدہ نے بھارت میں پناہ کی یہ درخواست بھارت میں بابری مسجد کا فیصلہ سنائے جانے کے فوری بعد کی ہے، جس میں کہا گیا ہے کہ اس متنازعہ تاریخی مقام پر مسلمانوں کا کوئی حق نہیں ہے۔

الطاف حسین نے بھارت کے مسلمان رہنما اسد الدین اویسی کو مخاطب کرتے ہوئے کہا تھا کہ بھارت کو ہندو راج قائم کرنے کا حق حاصل ہے اور اگر اویسی اور دیگر کو بھارت پسند نہیں ہے تو انھیں پاکستان چلے جانا چاہئے۔ بابری مسجد کے مسئلے پر بانی متحدہ نے بھارت کے موقف کی تائید کی تھی۔ واضح رہے کہ بانی متحدہ پر اپنی تقریر کے ذریعے پاکستان میں تشدد پر اکسانے کے الزام میں برطانیہ میں مقدمہ چل رہا ہے۔ جس کی وجہ سے ان کے بہت سے سینئر ساتھی ان کا ساتھ چھوڑ چکے ہیں۔

مزید : بین الاقوامی /برطانیہ