سابق وزیراعظم نوازشریف کی ملک سے روانگی سے قبل کی تازہ تصویر سامنے آگئی
لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن) سابق وزیراعظم نوازشریف خصوصی ایئرایمبولینس کے ذریعے علاج کے لیے بیرون ملک روانہ ہوگئے ہیں، وہ پرائیویٹ گاڑی میں رائیونڈ سے نکلے تو ایمبولینس اور سیکیورٹی کی گاڑیاں ان کے ہمراہ تھیں ، ایئرپورٹ پہنچنے پر مسلم لیگ ن کے رہنماوں نے سابق وزیراعظم کا استقبال کیا، اس موقع پر لیگی رہنما احسن اقبال نے نوازشریف کے ہمراہ ایک سیلفی لی جو بعد میں سوشل میڈیا پر شیئرکردی۔
احسن اقبال نے یہ تصویرشیئرکرتے ہوئے لکھا کہ "اللہ سے دعا ہے کہ آپ جلد اور مکمل صحت یاب ہوکر لوٹیں، آمین"
ایئرپورٹ پہنچ کر استقبال کرنیوالوں میں احسن اقبال کے علاوہ مسلم لیگ ن کے رہنما راجہ ظفر الحق ،رانا تنویر،عطاتارڑ، احسن اقبال، خواجہ آصف ،خرم دستگیر اور دیگر شامل تھے جبکہ سابق وزیراعظم نوازشریف کے ساتھ شہبازشریف ،ڈاکٹر عدنان ،سیکرٹری عابداللہ جان اور ذاتی ملازم محمد عرفان روانہ ہوئے۔
اپنی ایک اور ٹوئیٹ میں مزید تصاویر شیئرکرتے ہوئے احسن اقبال نے لکھا کہ "اللہ آپ کی حفاظت کرے اور ہمارے بیچ جلد صحت مند واپس لائے، آمین"
احسن اقبال کی ان ٹوئیٹس پر ایک صارف نے لکھا "قائد محترم کی صحت دیکھ کر دل اداس ہوگیا ہے "
ماہا نظام خیل نے لکھا کہ "بہت کمزور لگے ہیں میاں صاحب۔ ۔۔اللہ اپکو تندرستی دے"
سارہ سلیم نے استفسار کیا کہ " یہ سیلفی آج کی ہے ، میاں صاحب بہت کمزور لگ رہے ہیں ، اللہ انہیں صحت دے"
کچھ لوگوں نے اس سیلفی کی صحت پر بھی سوال اٹھایا اور محمد سیف اللہ نے لکھا کہ "آج تو میاں صاحب پینٹ کوٹ میں تھے"
ایک اور صاحب نے لکھا کہ "اس تصویر میں میاں صاحب سو فیصد تندرست اور صحیح سلامت لگ رہے ہیں اور پاکستانی قوم کو بتا رہے ہیں کہ امیر لوگ جیل سے علاج کے بہانے رہا ہوکر باہر بھی جاسکتے ہیں اور یہ جیل وغیرہ تو غریبوں کیلئے بنی ہیں جو گناہ کئے بغیر پچاس پچاس سال جیل میں پڑے رہتے ہیں"