اسد عمر دوبارہ وفاقی کابینہ میں شامل،منصوبہ بندی و خصوصی اقدامات کا قلمدان سونپ دیا گیا
اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن)پی ٹی آئی رکن قومی اسمبلی اسد عمر دوبارہ وفاقی کابینہ کا حصہ بن گئے، اسد عمر نے وفاقی وزیر کے عہدے کا حلف اٹھا رہے ہیں،صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے ان سے حلف لیا۔
تفصیلات کے مطابق ایوان صدر میں اسد عمر کے حلف اٹھانے کی تقریب ہوئی جس میں وفاقی وزرائ،ارکان اسمبلی اور دیگر نے شرکت کی ،اسد عمر نے وفاقی وزیر کے عہدے کا حلف اٹھا لیا،صدرمملکت عارف علوی نے اسد عمر سے حلف لیا،اسد عمر کو منصوبہ بندی و خصوسی اقدامات کا قلمدان سونپا گیا ہے ۔
واضح رہے کہ گزشتہ روزوزیراعظم عمران خان کی معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے کہاتھا کہ وفاقی کابینہ میں توسیع اور رد و بدل کا فیصلہ کیا گیا ہے، اس سلسلے میں اسد عمر کو منصوبہ بندی اور اسپیشل انیشی ایٹو کا وزیر بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔انہوں نے بتایا کہ خسرو بختیار کو پیٹرولیم کا وفاقی وزیر بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے اور اس حوالے سے نوٹیفکیشن جلد جاری کردیا جائے گا۔خیال رہے کہ گزشتہ دنوں ہونے والے وفاقی کابینہ کے اجلاس میں وزیراعظم عمران خان نے کہا تھا کہ انہوں نے وفاقی کابینہ میں تبدیلی کا فیصلہ کرلیا ہے جس کا اعلان جلد کیا جائے گا۔