ڈیوس کپ ٹائی مقابلے، پاکستانی اپیل پر کیا فیصلہ کیا گیا؟ تفصیلات سامنے آ گئیں
لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) انٹرنیشنل ٹینس فیڈریشن(آئی ٹی ایف) نے پاکستان ٹینس فیڈریشن کی اپیل خارج کرتے ہوئے ڈیوس کپ ٹائی نیوٹرل مقام پر کروانے کا فیصلہ برقراررکھاہے۔
تفصیلات کے مطابق ایشیا اوشیانا گروپ ون میں پاکستان اور بھارت کے درمیان ڈیوس کپ مقابلے اسلام آباد میں 29 اور 30 نومبر کو شیڈول تھے تاہم بھارتی ٹینس حکام کے مطالبے پر سیکیورٹی کو جواز بناکر انٹرنیشنل ٹینس فیڈریشن نے چار نومبر کو یہ مقابلے نیوٹرل مقام پر شفٹ کرنے کا اعلان کیاتھا۔پاکستان ٹینس فیڈریشن نے اس فیصلے پر نظرثانی کرنے کی اپیل کی تھی جسے آئی ٹی ایف نے مسترد کردیاہے اور یہ اب مقابلے قازقستان میں کروانے کے بارے میں دونوں ممالک کو آگاہ کردیاگیاہے۔
انٹرنیشنل ٹینس فیڈریشن کی جانب سے پاکستان سے کی جانے والی اس ناانصافی پر پر ٹینس اسٹار اعصام الحق اور عقیل خان پہلے ہی ان مقابلوں کا بائی کاٹ کرچکے ہیں۔ ذرائع کے مطابق اپیل خارج ہونے کےبعد پاکستان ٹینس ٹیم ڈیوس کپ ٹائی میں شرکت ضرور کرے گی تاہم پی ٹی ایف کی طرف سے سینئرز کے بجائے جونیئر ٹیم کو بجھوانے کا امکان ہے۔